پی سی بی اور سونی ٹی وی کا پی ایس ایل سمیت پاکستان کی تمام ہوم سیریز دکھانے کا معاہدہ

جنوبی ایشیاء میں کرکٹ شائقین کو پاکستان میں تمام فارمیٹ کے میچز دیکھنے کا موقع ملے گا: وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 24 جنوری 2021 20:13

پی سی بی اور سونی ٹی وی کا پی ایس ایل سمیت پاکستان کی تمام ہوم سیریز دکھانے کا معاہدہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈین ٹی وی سونی کے ساتھ 3 سال تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور پاکستان میں ہونے والے تمام انٹرنیشنل میچز دکھانے کا معاہدہ کیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے کی جانے والی ٹویٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’پی سی بی سونی پکچرز نیٹ ورک انڈیا کو اپنے نمایاں براڈکاسٹرز کی فہرست میں خوش آمدید کہتا ہے، اس شراکت داری سے جنوب ایشیا میں کرکٹ شائقین کو پاکستان میں تمام فارمیٹ کے میچز دیکھنے کا موقع ملے گا‘۔

سونی پکچرز نیٹ ورک انڈیا کے چیف ریوینیو آفیسر راجیش کول نے کہا ہے کہ ’سونی نیٹ ورک نے پی سی بی سے تین برس تک براڈکاسٹ کے حقوق حاصل کیے ہیں۔ سونی پاکستان میں ہونے والے پی ایس ایل میچز اور ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے انٹرنیشنل میچز دکھائے گا‘۔

(جاری ہے)

انڈین نیوز ایجنسی کے مطابق اس سے قبل پی ٹی وی سپورٹس اور سپر سپورٹس کے پاس پاکستان اور افریقہ ریجن کے حقوق تھے ۔ پی سی بی نے اس کے علاوہ شمالی امریکہ، کیریبین، نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کیے ہیں۔ شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی، کیریبین میں فلو سپورٹس، برطانیہ میں سکائی سپورٹس اور نیوزی لینڈ میں سکائی نیوزی لینڈ کے ذریعے پاکستان کے ہوم میچز دکھائے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 24/01/2021 - 20:13:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :