پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی

اوپنر عمران بٹ اور لیفٹ آرم سپنر نعمان علی کے ڈیبیو کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 24 جنوری 2021 20:27

پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جنوری 2021ء ) ٹاپ آرڈر بلے باز عمران بٹ اور سپنر نعمان علی 26 جنوری سے جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے ۔ قائداعظم ٹرافی میں پچھلے دو سیزنز کے دوران نعمان اور عمران ٹاپ پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ عابد علی عمران بٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جب کہ سابق کپتان اظہر علی اپنے معمول کے تین نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

مڈل آرڈر میں کپتان بابراعظم ، بائیں ہاتھ کے کھلاڑی فواد عالم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بیٹنگ کریں گے۔ فہیم اشرف پاکستان لائن اپ میں واحد آل راؤنڈر ہوں گے۔ پیس اٹیک کی قیادت حسن علی کریں گے جو قومی ٹیم میں واپسی کررہے ہیں جب کہ ان کا ساتھ شاہین آفریدی دیں گے۔

(جاری ہے)

تجربہ کار لیگ سپنر یاسر شاہ نعمان علی کے ساتھ سپن بولنگ ڈیپارٹمنٹ کا چارج سنبھالیں گے۔

دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4 فروری سے شیڈول ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد 11 ، 13 اور 14 فروری کو لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ کورونا وائرس کے عالمی بحران کے باعث یہ سیریز شائقین کے بغیر کھیلی جائے گی۔ پہلے ٹیسٹ کے لئے ممکنہ قومی الیون میں عابد علی ، عمران بٹ ، اظہر علی ، بابر اعظم ، فواد عالم ، محمد رضوان ، فہیم اشرف ، حسن علی ، نعمان علی ، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہوں گے۔
وقت اشاعت : 24/01/2021 - 20:27:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :