مودی کی خواہش ہے پاکستان کے بغیر ہی کرکٹ کا میلہ سجا لیں :خالد محمود

وسیم اکرم وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی،پی سی بی کے فیصلوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور کرتے بھی ہوںگے :سابق چیئر مین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 جنوری 2021 17:32

مودی کی خواہش ہے پاکستان کے بغیر ہی کرکٹ کا میلہ سجا لیں :خالد محمود
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری2021ء) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود نے کہا ہے کہ مودی سرکار کی خواہش ہے پاکستان کے بغیر کرکٹ کا میلہ سجا لیں، مجھے امید نہیں آئی سی سی بھارتی بورڈ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرے گا۔ خالد محمود نے پاکستانی ہیڈ کوچ مصباح الحق سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مصباح کی تقرری پر کافی تنقید ہوئی، ایک فرد کو اتنی زیادہ ذمہ داریاں دینا غلط تھا، ایک ہی فرد چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدوں کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتا، اولین ترجیح یہی ہونی چاہیے کہ ٹیم کا کوچ پاکستانی ہو۔

سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے کہا کہ وقاریونس کئی بار کوچ رہ چکے، کسی دوسرے بورڈ نے انہیں پیشکش تک نہیں کی، اس سے صاف ظاہر ہے کہ وقار یونس اس ذمہ داری کی اہلیت نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وسیم اکرم سے متعلق کہا کہ اگر وسیم اکرم کرکٹ بورڈ میں ہیں تو با اثر بھی ہو سکتے ہیں اور مضبوط بھی، وسیم اکرم وزیراعظم عمران خان کے بہت قریبی ہیں، وسیم اکرم پی سی بی کے فیصلوں کو متاثر کر سکتے ہیں اور کرتے بھی ہوں گے۔ خالد محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مکمل طور پر آئی سی سی پر حاوی ہے، 200 سال بعد بھی صرف 10 ممالک کے پاس ٹیسٹ سٹیٹس ہونا آئی سی سی کی ناکامی ہے، پی سی بی کو چاہیے آئی سی سی کے اجلاسوں میں ان کی غلط پالیسیوں کی نشاندہی کرے۔
وقت اشاعت : 25/01/2021 - 17:32:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :