زیادہ لسٹ اے سنچریاں، خرم منظور نے سعید انور کا 18 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

سندھ کے اوپنر نے پاکستان کپ میں سینٹرل پنجاب کے خلاف 27 ویں لسٹ اے سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 جنوری 2021 17:12

زیادہ لسٹ اے سنچریاں، خرم منظور نے سعید انور کا 18 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے اوپنر خرم منظور نے لسٹ اے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں سکور کرنے کا سعید انور کا 18 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ۔ پاکستان کپ میں سینٹرل پنجاب کیخلاف کراچی میں کھیلے گئے میچ میں 34 سالہ خرم منظور نے سندھ کی جانب سے 163 گیندوں پر 143 رنز کی ناٹ آئوٹ باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 27 ویں سنچری تھی ،اس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنیوالے بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر آگئے ۔

34 سالہ خرم منظور اب تک 155 لسٹ اے میچز کی 154 اننگز میں 54.64 کی اوسط سے 7541 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 27 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور 18 سال تک 26 سنچریوں کیساتھ سب سے زیادہ سینکڑے سکور کرنیوالے ملکی بلے باز رہے ۔

(جاری ہے)

سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، قومی کپتان بابراعظم نے 22 سنچریاں سکور کرکے چوتھی پوزیشن اپنے نام کررکھی ہے ، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے چھٹی جبکہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے 7ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ 17 سنچریوں کے ساتھ 8 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، اوپنر احمد شہزاد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 9 ویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 26/01/2021 - 17:12:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :