پی سی بی نے لائیو سٹریمنگ تنازع کی تحقیقات شروع کردیں

کراچی ٹیسٹ بدستور بیٹنگ ویب سائٹ پر لائیو سٹریم ہوتا رہا :ذرائع کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 28 جنوری 2021 13:23

پی سی بی نے لائیو سٹریمنگ تنازع کی تحقیقات شروع کردیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جنوری 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز کے جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو سٹریمنگ اور جوئے کی شرطیں لگنے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جاری کراچی ٹیسٹ کے پہلے 2 دن کے دوران جوئے کی ویب سائٹ سکائی 247 ڈاٹ کام پر براہ راست نشر کیا گیا۔

سکائی 247.net جو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پارٹنرز میں سے ایک ہے ، بھی اسی کمپنی کا حصہ ہے جو سکائی 247.com کی مالک ہے۔ پہلے اور دوسرے دن کے کھیل کے دوران میچ پر براہ راست جوا لگائے جانے کا سلسلہ جاری رہا اور کرکٹ بورڈ کا لوگو ویڈیو کے بائیں جانب بھی نظر آرہا تھا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق معاہدے کی خلاف ورزی کا ذمہ دار کون تھا ،اس کا تعین کرنے کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی،فی الحال اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سپانسر کی ویب سائٹ سکائی 247.net کے پاس اب کوئی لنک نہیں ہے جو صارف کو اپنی شرط لگانے والی ویب سائٹ پر بھیج دیتا ہے۔ کل پی سی بی کی جانب سے سپانسر سے رابطے کے بعد لنک ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا آئین جوئے اور شراب سے وابستہ کمپنیوں کو کرکٹ تقریبات کی سرپرستی کرنے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے سیزن میں پی ایس ایل 5 کے میچز بھی ایک جوئے کی ویب سائٹ پر دکھائے گئے تھے ۔ بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے اپنے ایک پارٹنر کی معافی قبول کیے جانے کے بعد یہ معاملہ حل ہوگیا تھا لیکن پی سی بی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر کمپنی سے معاہدہ ختم کردیا۔
وقت اشاعت : 28/01/2021 - 13:23:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :