نعمان علی کی عمدہ کارکردگی نے یاسرشاہ کو فارم بحال کرنے میں مدد دی: مشتاق احمد

یاسر شاہ کو پہلے دوسرے اینڈ سے زیادہ مدد حاصل نہیں تھی کیونکہ بدقسمتی سے فاسٹ بائولر وکٹیں نہیں لے رہے تھے: سابق لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 فروری 2021 15:33

نعمان علی کی عمدہ کارکردگی نے یاسرشاہ کو فارم بحال کرنے میں مدد دی: مشتاق احمد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 فروری 2021ء ) سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کا خیال ہے کہ بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی کی لائن اپ میں شمولیت نے یاسر شاہ سے دباؤ ہٹایا اور فارم بحال کرنے میں مدد دی۔ ایک انٹرویو میں مشتاق احمد نے یاسر شاہ اور نعمان علی کی جانب سے بائولنگ میں ایک دوسرے کی مدد کی اہمیت اجاگر کی۔ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ کو پہلے دوسرے اینڈ سے زیادہ مدد حاصل نہیں تھی کیونکہ بدقسمتی سے فاسٹ بائولر وکٹیں نہیں لے رہے تھے۔

نعمان علی کو منتخب کرنے کا سہرا محمد وسیم کے سر جاتا ہے جنہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ سے دبائو ہٹایا۔ مشتاق احمد نے کہا کہ میں اور ثقلین بھی اسی طرح ایک دوسرے کی مدد کرتے تھے، نعمان نے جس پختگی سے بائولنگ کی اسے دیکھ کر اچھا لگا، ریجنل کوچ اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کریڈٹ کے مستحق ہیں ۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میں اب بھی چاہتا ہوں کہ یاسر اپنی گگلی میں بہتری لائے کیونکہ اس کی وجہ سے اس کی لیگ سپن اور فلپر مزید موثر ہوجائے گی۔

انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی جس میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا یہ جیت قومی ٹیم اور انتظامیہ کے لئے بہت اہم تھی کیونکہ اس سے ان کے اعتماد کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ فواد عالم نے جرات مندانہ کھیل پیش کیا اور مجھے ایسے دبائو میں کسی بلے باز کی جانب سے کھیلی گئی اننگز مجھے یاد نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 4 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 02/02/2021 - 15:33:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :