کولن منرو پی ایس ایل 6 سے دستبردار

جارح مزاج کیوی اوپنر نے رواں سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 فروری 2021 15:45

کولن منرو پی ایس ایل 6 سے دستبردار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 فروری 2021ء ) بگ بیش لیگ کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ واپسی پر قرنطینہ کی جگہ ملنے میں مشکلات پیش آنے کے بعد کیوی اوپنر کولن منرو نے پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ میں کوویڈ ۔19 پروٹوکول کے تحت ملک میں داخل ہونے کے خواہشمند افراد کو لازمی ہے کہ وہ پہلے سے ہی اپنے لیے قرنطینہ کی جگہ کی بکنگ کروائیں، منرو جو اس وقت بگ بیش لیگ میں پرتھ سکارچرز کے لئے کھیل رہے ہیں پہلے ہی درخواست دینے میں دیر کرچکے ہیں اور انہیں مئی کے وسط میں قرنطینہ کے لیے جگہ مل سکی ہے ۔

کولن منرو نے کہا کہ مجھے رواں سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہ کرنے کا افسوس رہے گا کیونکہ وہاں میرے ساتھ بہترین سلوک ہوتا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مجھے یہ جانتے ہوئے برقرار رکھا کہ میں بگ بیش کے بعد سیدھے وہاں جاؤں گا لیکن میں وقت پر کوئی قرنطینہ کی جگہ بک نہیں کرواسکا۔ پی ایس ایل 22 مارچ کو ختم ہوگی اور میں مئی کے وسط تک واپس جاسکتا ہوں اور وہاں بھی 2 ہفتوں کا قرنطینہ کرنا پڑے گا لیکن دنیا کے جو حالات ہیں اسے دیکھتے ہوئے یہ سب بھی رسک ہی لگ رہا ہے۔

کولن منرو نے کہا کہ وہ گھر والوں کے ساتھ کچھ اور وقت گزاریں گے اور اس کے بعد مستقبل کے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کریں گے ۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی میں ہونا ہے جبکہ اس کا اختتام 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔
وقت اشاعت : 02/02/2021 - 15:45:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :