پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں بڑے ٹورمنٹس کے انعقاد پر لگائی گئی پابندی اٹھالی ، پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کاامکان روشن ہوگیا

منگل 15 اپریل 2014 22:10

پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے پاکستان میں بڑے ٹورمنٹس کے انعقاد پر لگائی گئی پابندی اٹھالی ، پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کاامکان روشن ہوگیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے )نے پاکستان میں بڑے ٹورمنٹس کے انعقاد پر لگائی گئی پابندی اٹھالی ہے جس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کاامکان روشن ہوگیا ہے۔ پی ایس اے نے پاکستان کو 25ہزار ڈالر مالیت کا بڑا ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی بھی اجازت دیدی ہے جس کے ساتھ ہی پی ایس اے کی جانب سے پاکستان کو سالانہ کی بنیاد پر مختص کئے جانیوالے ٹورنامنٹس کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔

اس سے قبل پی ایس اے کی جانب سے پاکستان کو پندرہ اور دس ہزار ڈالر کے دو، دو ٹورنامنٹس کرانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کے نتیجے میں پی ایس اے نے 25ہزار ڈالر کا بڑا ٹورنامنٹ چھ سال کے انتظار کے بعد کرانے کی اجازت دی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مصحف علی میر سکواش کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور ایشیئن سکواش فیدریشن کے نائب صدر ایئر وائس مارشل سید رضی نواب نے پی ایس اے کی معاونت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد کی اجازت دینے پر پی ایس اے کے شکرگزار ہیں ۔

ہمیں خوشی ہے کہ پی ایس اے نے پاکستان کا اصولی موقف سنا اور یہ تاریخی فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی مسلسل رہنمائی کی بدولت ہے اور امید کرتے ہیں کہ آنیوالے وقتوں میں پاکستان ایئر فورس کی مدد کے ساتھ پاکستان سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا انہوں نے پاکستان سکواش فیڈریشن نے اپنی کوششوں سے پاکستان میں انٹرنیشنل سکواش کی بحالی کا ماحول پیدا کردیا ہے اب تمام ذمہ داری قومی سکواش کھلاڑیوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے دنیا میں پاکستان کا نہ صرف نام روشن کریں تاکہ پاکستان میں ایک لاکھ ڈالر مالیت سے زائد کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کی بھی اجازت ملے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رواں برس اکتوبر میں پاکستان میں ہونیوالے 25ہزار ڈالر مالیت کے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی ۔ پریس کانفرنس کے موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز اور قومی کوچ جمشید گل بھی موجود تھے ۔

وقت اشاعت : 15/04/2014 - 22:10:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :