علی سدپارہ کے ‘تم چلے آو پہاڑوں کی قسم’ گانے کی ویڈیو وائرل

ویڈیو میں انہیں کیمپ میں دوستوں کے ساتھ گانا گاتے ، تالیاں بجاتے اور ناچتے دیکھا جاسکتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 فروری 2021 13:16

علی سدپارہ کے ‘تم چلے آو پہاڑوں کی قسم’ گانے کی ویڈیو وائرل
سکردو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 فروری 2021ء ) مایہ ناز پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی ’تم چلائے آئو پہاڑوں کی قسم‘ کے گانے کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، ویڈیو میں انہیں اپنے کیمپ میں دوستوں کے ساتھ گانا گاتے ، تالیاں بجاتے اور ناچتے دیکھا جاسکتا ہے۔
علی سدپارہ ، جنہوں نے آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جے پی موہر کے ساتھ سردیوں میں کے ٹو کو سر کرنے کے مشن کا آغاز کیا تھا ، جمعہ کو لاپتہ ہوگئے تھے۔

اتوار کے روز سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ نے میڈیا کو بتایا کہ کوہ پیما افراد کے زندہ بچ جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔
ہفتے کے روز سے لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن خراب موسم کی خرابی کی وجہ سے ناکام رہی ہیں تاہم ساجد کو یقین ہے کہ اس کے والد نے چوٹی کو سر کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

ساجد نے ٹویٹر پر لکھا کہ ’میرے والد کو تمام پہاڑوں کو سر کرنے کا تجربہ ہے ،میں نے انہیں آخری بار کے 2 پہاڑ کے قریب دیکھا تھا، مجھے یقین ہے کہ انہوں نے کے ٹو کو سر کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’واپسی پر ہوائیں بہت تیز تھی جس کی وجہ سے کوئی مسئلہ بنا‘۔
بعد ازاں ساجد نے تیسرے دن بھی ریسکیو مشن کے لئے روانہ ہونے سے پہلے اپنی تصویر شیئر کی۔
گلگت بلتستان کے ہوم سکریٹری محمد علی رندھاوا نے بھی سرچ آپریشن کے دوران پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں پر کے ٹو کی لی گئی تصاویر شیئر کیں۔

ادھر الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدر نے بتایا کہ ’دوسرے دن بھی ہیلی کاپٹروں کی تلاش میں لاپتہ کوہ پیماؤں کا کوئی نشان نہیں ملا‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹروں کے عملے نے 7،000 میٹر (23،000 فٹ) اونچائی تک کے راستے پر کوہ پیمائوں کو تلاش کیا۔ اس تلاش کی مہم کے منیجر چھانگ داوا شیرپا نے بتایا کہ وہ کوہ پیمائوں کا سراغ لگانے کی کوشش کرنے والی ایک سرچ ٹیم کا حصہ ہے۔

شیرپا نے ایک بیان میں کہا کہ ’سرچ ٹیم آبروزی اور دیگر راستوں سے گذری ،کیمپ 4 سے اوپر موسم انتہائی خراب تھا، بدقسمتی سے کوہ پیمائوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ کے 2 پر موسمیاتی حالات انتہائی سخت ہوتے ہیں،یہاں 200 کلو میٹر فی گھنٹہ (125 میل فی گھنٹہ) سے زیادہ ہوائیں چل سکتی ہیں اور درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ (منفی 76 فارن ہائیٹ) تک گر سکتا ہے، ماؤنٹ ایورسٹ کے برخلاف جسے جوان اور بوڑھے ہزاروں کوہ پیمائوں نے سر کیا ہے، کے 2 پر یہاں کے سخت حالات کی وجہ سے بہت کم سفر کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 08/02/2021 - 13:16:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :