تیسرا چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ 12 سے 14فروری تک کھیلا جائے گا

ٹورنامنٹ لاہور جمخانہ گولف کلب میں ہوگا، پانچ کیٹیگری میں مقابلے ہوں گے

پیر 8 فروری 2021 18:58

تیسرا چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ 12 سے 14فروری تک کھیلا جائے گا
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2021ء) واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے قومی سطح پر تیسراچیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ لاہور جمخانہ گولف کلب میں 12سے 14فروری 202 تک کھیلا جائے گا۔تین روز تک جاری رہنے والے اِس ٹورنامنٹ میں پاکستان گولف فیڈریشن سے منسلک گولف کلبز کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں انٹری کے لئے آخری تاریخ10 فروری2021 مقرر کی گئی ہے اور اسی دِن پریکٹس رانڈ بھی کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق امیچورز، سینئر امیچورز،خواتین، ویٹرنز اور انوی ٹیشنل کی کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں امیچورز کے لئے 54 ہولز،سینئر امیچورز اورخواتین کے لئے 36ہولز جبکہ ویٹرنز اور انوی ٹیشنل کے لئے نو نو ہولز کے مقابلے ہوں گے۔

(جاری ہے)

قومی ادارے کی حیثیت سے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ گولف کے کھیل کی ترویج میں سرگرم کردار ادا کرنے کے لئے بھی بھر پور کوشش کر رہا ہے۔

چیئرمین واپڈا گولف ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد پاکستان گولف فیڈریشن سمیت اس کھیل کے فروغ کے لئے کام کرنے والے دیگر سپورٹس گروپس سے وا پڈا کے مضبوط روابط استوار کرنا ہے۔ اِس ٹورنامنٹ کے ذریعے گولف کے شعبے میں موجود نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروانے میں بھی مدد ملے گی۔واپڈا گزشتہ نصف صدی سے پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بنیادی کردار ادا کررہا ہے۔

واپڈا سپورٹس بورڈ نے ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات بھی متعارف کرائے ہیں جن میں واپڈا سپورٹس انڈامنٹ فنڈ سرفہرست ہے۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں کے ذریعے کھلاڑیوں کو ملک میں ملازمت کے سب سے زیادہ مواقع حاصل ہیں۔ اس وقت2 ہزارسے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کو واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں روزگار حاصل ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 66ٹیمیں ہیں جن میں مردوں کی 37 جبکہ خواتین کی 29ٹیمیں شامل ہیں۔ اس وقت واپڈا 35کھیلوں میں قومی چیمپئن اور 19میں رنرز اپ ہے۔
وقت اشاعت : 08/02/2021 - 18:58:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :