پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کامیاب رہی، نئے کھلاڑی سامنے آئے‘رائے تیمور خان بھٹی

چیمپئن شپ کی کامیابی سے پُراُمید ہیں کہ ہم ہاکی میں ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلیں گے، کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا‘صوبائی وزیر کھیل

منگل 9 فروری 2021 22:54

پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کامیاب رہی، نئے کھلاڑی سامنے آئے‘رائے تیمور خان بھٹی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2021ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کامیاب رہی ہے جس سے پرامید ہیں کہ ہم ہاکی میں ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلیں گے، فیصل آباد ڈویژن چیمئپن بنا ہے ، فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، لاہور ڈویژن نے بھی شاندار مقابلہ کیا، کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس سے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، چیف سلیکٹر و اولمپئن منظور جونیئر، ہیڈکوچ خواجہ جنید، اولمپئن رانا مجاہد، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر، سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم محمد ثقلین، سابق سیکرٹری ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ودیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ میں پنجاب کی 9ڈویژنز سی200کھلاڑیوں نے حصہ لیا، بہت دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، تمام کھلاڑیوں نے اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا، چیمپئن شپ سے ملنے والے ٹیلنٹ کو آگے لے کر جائیں گے، اس چیمپئن شپ سے 40کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن کو مزید تربیت دی جائے گی، اس سلسلے کوآگے بڑھاتے ہوئے نجی شعبہ کو بھی شامل کریں گے اور لیگ موڈ میں لے کر جائیں گے، اب انٹر ڈویژں وومن ہاکی چیمپئن شپ کرائیں گے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ ہر کھیل کی اپنی اہمیت ہے مگر بحیثیت پاکستانی ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے قومی کھیل کو عروج پر لے جانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، وزیراعظم عمران خان کا بھی ہاکی پر فوکس ہے اس لئے ہاکی پر توجہ دے رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ بہت جلد فعال ہوجائے گا جس سے کھلاڑیوں کے مالی مسائل ہوجائیں گے، ویٹرن کھلاڑیوں کو بھی وظائف دیں گے، فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم چیمپئن بنی ہے ، ہم فیصل آباد ڈویژن میں ہاکی آسٹروٹرف بچھائی جائے گی، اگلے مالی سال میں بہاولپور ڈرنگ سٹیڈیم میں بھی ہاکی آسٹروٹرف بچھائیں گے، تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ ، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ، چیف سلیکٹر و اولمپئن منظور جونیئر، ہیڈکوچ خواجہ جنید اور سابق سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد کوسوینئر دیئے جبکہ سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو سوینئر پیش کیا۔

وقت اشاعت : 09/02/2021 - 22:54:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :