عبدالرزاق کا محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار

ٹیسٹ کرکٹ پر ٹی ٹونٹی کو ترجیح دینے والے کبھی عظیم کرکٹر نہیں بن سکتے: سابق آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 فروری 2021 15:45

عبدالرزاق کا محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 فروری 2021ء ) سابق آل رائونڈر عبدالرزاق نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں 41 سالہ عبدالرزاق نے کہا کہ جنوبی افریقہ سے ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے کھلاڑیوں کو میرٹ پر سکواڈ کا حصہ بنایا گیا، ہوم کنڈیشنز کا فائدہ بھی حاصل ہونے کی وجہ سے پاکستان اس سیریز کے لیے فیورٹ ہے، پْرامید ہوں کہ ٹیسٹ کے بعد میزبان ٹیم مختصر فارمیٹ کی سیریز میں بھی سرخرو ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ محمد حفیظ اس وقت کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں لیکن انہوں نے قومی ٹیم پر ٹی 10 لیگ میں شرکت کو ترجیح دی، آل رائونڈر کو پروٹیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھا، حفیظ اس وقت کیریئر کے جس مقام پر ہیں انہیں ٹی 10 لیگ پر پاکستان کو ترجیح دینا چاہیے تھی۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ حسن علی فٹ ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے بے تاب تھے اور بالآخر انہیں اپنی سخت محنت کا صلہ مل گیا، فاسٹ بائولر کی غیر معمولی کارکردگی کی بدولت پاکستانی ٹیم نے پروٹیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کا مشن مکمل کیا۔

انھوں نے کہا کہ محمد عامر انتہائی باصلاحیت بولر ہیں، ان میں وسیم اکرم کی جھلک نظر آتی تھی، اگر وہ تسلسل کے ساتھ قومی ٹیم کے لیے کھیلتے اور پرفارمنس دیتے تو پاکستان کرکٹ کے لیے اس سے اچھی بات اور کیا ہوسکتی تھی، عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ان کے ساتھ ساتھ ملک کا بھی نقصان ہے، ٹیسٹ کرکٹ پر ٹی ٹونٹی کو ترجیح دینے والے کبھی عظیم کرکٹر نہیں بن سکتے۔
وقت اشاعت : 11/02/2021 - 15:45:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :