علی سدپارہ کی تلاش کیلئے جاری آپریشن میں 60 روز کی توسیع کا امکان

آرمی ایوی ایشن قومی ہیرو محمد علی سدپارہ اور 2 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے:ترجمان پاک فوج

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 فروری 2021 16:43

علی سدپارہ کی تلاش کیلئے جاری آپریشن میں 60 روز کی توسیع کا امکان
سکردو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 فروری 2021ء ) گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹری محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ لاپتہ کوہ پیماؤں محمد علی سدپارہ اور دو دیگر غیر ملکی کوہ پیماوں کی تلاش کے لئے جمعرات کے روز ساڑھے 11 بجے فارورڈ لک انفریڈ ریڈار (ایف ایل آئ آر) مشن شروع کیا گیا۔ رندھاوا نے بتایا کہ تلاشی مشن کے لئے پورٹر بھی زمین پر موجود تھے۔ عام طور پر فوجی اور سویلین ہوائی جہازوں پر استعمال ہونے والا ایف ایل آئر ایک تھرموگرافک کیمرا ہے جو انسانی جسم کی حرارت کا پتا کرتا ہے۔

لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئے پاک فضائیہ کے سی 130 طیاروں پر لگے فارورڈ لوکنگ انفرا ریڈار ریڈار کے ذریعے سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ان تینوں کوہ پیمائوں کو آخری بار بوٹل نیک میں کے 2 کی چوٹی سے 400 میٹر نیچے دیکھا گیا تھا جسے سیویج ماؤنٹین بھی کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے سرچ آپریشن کے بارے میں اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک اعلی سطحی میٹنگ میں یہ طے کیا گیا ہے کہ لاپتہ کوہ پیماؤں کے محل وقوع کا پتہ لگانے کے بعد ہی تلاشی کی سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں اور اس کیلئے کم از کم 4 اعلی کوہ پیما اور 4 ریسکیو اہلکار شامل ہوں گے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’تلاشی کی سرگرمی کے دورانیہ میں 60 دن تک توسیع کا امکان ہے، سرچ آپریشن اور بین الاقوامی امدادی کوہ پیماؤں کی شکل میں مدد کے سلسلے میں دونوں غیر ملکی شہریوں کے سفارت خانوں کو بھی اعتماد میں لیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کو فی الحال معطل کردیا گیا تھا لیکن ابھی یہ ختم نہیں ہوا تھا‘۔

آئس لینڈ سپیس ایجنسی نے کہا کہ ’ہمارے کوہ پیمائوں کو گھر واپس لانے میں مدد کے لئے بڑے پیمانے پر بین الاقوامی کوششوں میں تھوڑا بہت کردار ادا کرنا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے، اب بھی لاپتہ ہونے والوں کے لواحقین ، دوستوں اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو سلام کرتے ہیں ۔ وینیسا او برائن نے پہلے ہی لاپتہ کوہ پیماؤں کا پتہ لگانے کے لئے ایک ورچوئل بیس کیمپ قائم کیا ہے جب کہ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آرمی ایوی ایشن قومی ہیرو محمد علی سدپارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔
وقت اشاعت : 11/02/2021 - 16:43:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :