ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان کیریئر کی بہترین 42ویں پوزیشن پر پہنچ گئے

بابراعظم کی 2 درجے تنزلی، شاہین آفریدی ،حسن علی اور عثمان قادر کی لمبی چھلانگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 فروری 2021 14:43

ٹی ٹونٹی رینکنگ، محمد رضوان کیریئر کی بہترین 42ویں پوزیشن پر پہنچ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 فروری 2021ء ) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضون انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے تبریز شمسی نے آسٹریلیا کے ایڈم زامپا ، انگلینڈ کے عادل رشید اور افغانستان کے مجیب الرحمن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ پوزیشن پر براجمان افغانستان کے راشد خان سے صرف 3 پوائنٹس پیچھے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔

محمد رضوان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 104 ناٹ آؤٹ ، 51 اور 42 رنز کی اننگز کے ساتھ مجموعی طور پر 197 رنز بنانے پر رینکنگ میں بڑی ترقی ملی۔ انہوں نے 116 درجے ترقی کے ساتھ 42 ویں پوزیشن اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

حیدر علی ترقی پانے والے ایک اور پاکستانی بلے باز تھے ، انہوں نے 13درجے ترقی کے ساتھ 137 ویں پوزیشن سنبھالی ہے،کپتان بابراعظم 2 درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں، ترقی پانے والے پاکستانی بائولرز میں شاہین آفریدی (16 ویں سے 11 ویں پوزیشن ) ، حسن علی (96 ویں سے 82 ویں پوزیشن) اور محمد نواز (64 ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں دوبارہ اینٹری) اور عثمان قادر (221 ویں سے 92 ویں پوزیشن) شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے لئے سیریز میں ریزا ہینڈرکس کے 98 رنز نے انہیں 7 درجے ترقی کے ساتھ 17 ویں اور ڈیوڈ ملر کے 116 رنز نے انہیں 7 درجے ترقی کے ساتھ 22 ویں پوزیشن دلائی ۔ فاسٹ بولر ڈوائن پریٹوریئس 121 ویں پوزیشن سے51 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ پاکستان نے اس سیریز میں کامیابی سے ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے لیکن وہ 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ جنوبی افریقہ ایک پوائنٹ سے محروم ہوا لیکن وہ 251 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 15/02/2021 - 14:43:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :