فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

بدھ 17 فروری 2021 11:59

فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ  کو خیر باد کہہ دیا
جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2021ء) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور سابق کپتان  فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ 36 سالہ نوجوان نے یہ اعلان بدھ کو کیا ، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنے فیصلے کی تصدیق کی ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ  میرا دل صاف ہے اور یہ ایک نئے باب میں قدم رکھنے کا وقت صحیح ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹی -20کرکٹ جاری رکھیں گے۔فاف ڈو پلیسی نے  2016 میں ٹیسٹ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی تھی ، اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں شکست کے بعد گذشتہ سال جنوری میں قیادت سے دستبردار ہوگئے تھے۔ فاف ڈو پلیسی نے  36 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔  ڈو پلیسی نے کہا کہ وہ اپنی توجہ کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

فاف ڈو پلیسی کو 69ٹیسٹ، 143ایک روزہ اور 50ٹی -20میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔  انہوں نے 69 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی اور اس دوران انہوں نے 40.02 کی اوسط سے 4163 رنز بنائےجس میں  10 سنچریاں اور 21نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں  ان کی بہترین اننگز 199 رنز ہے  ۔انہوں نے 2012 میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا ، جب انہوں نے پہلی اننگ میں 78 رنز بنائے تھے اور اپنے دوسرے ہی ٹیسٹ میچ میں انہوں نے  پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی تھی۔فاف ڈو پلیسی نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ  رواں ماہ کے شروع میں پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا تھا۔
وقت اشاعت : 17/02/2021 - 11:59:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :