’ناقص وکٹ‘ پر کامیابی، بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ میں پوائنٹس سے محرومی کا خطرہ

چنائی کی وکٹ کو ناقص قرار دیا گیا تو بھارت 3 پوائنٹس گنوا دیگا،ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں رسائی بھی کھٹائی میں پڑ جائے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 فروری 2021 14:00

’ناقص وکٹ‘ پر کامیابی، بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چمپیئن شپ میں پوائنٹس سے محرومی کا خطرہ
چنائی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2021ء ) بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ریکارڈ مارجن سے کامیابی تو حاصل کرلی لیکن اس فتح کے باوجود شاید اسے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مکمل پوائنٹس نہ مل سکیں۔ چنائی میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ کے لیے بنائی گئی وکٹ پر پہلے دن سے ہی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں اور کرکٹ برادری اس پچ کے بارے میں دو حصوں میں تقسیم ہو گئی تھی، بڑی تعداد میں سابق کرکٹرز اور ماہرین نے اس وکٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ ٹیسٹ کھیل کے چوتھے دن پہلے ہی سیشن میں ختم ہو گیا اور اگر میچ ریفری اس پچ کو ’خراب‘ قرار دیتے ہیں تو بھارتی ٹیم آئی سی سی قوانین کے تحت 3 پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی جس سے اس کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کے امکانات مزید کم ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چنائی ٹیسٹ کی وکٹ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے ایک دھچکا ہے، یہ ٹیسٹ میچ کی وکٹ نہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس ٹیسٹ میں سپنرز نے 32 وکٹیں حاصل کیں اور حد سے زیادہ سپنرز کیلئے سازگار ہونے کے باعث اس وکٹ کی حیثیت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل رواں سال جون میں کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھیلا جائے گا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں رسائی کے لیے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کم از کم 1-2 کے مارجن سے کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ اگر انگلش ٹیم سیریز میں مزید ایک میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی یا سیریز برابری پر ختم ہوئی تو بھارتی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکے گی۔
وقت اشاعت : 17/02/2021 - 14:00:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :