سعودی عرب: غیرملکیوں کیلئے قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد

ٹورنامنٹ میں 11 ہزار رجسٹرڈ کھلاڑیوں کی شرکت،450 آفیشلز کی خدمات بھی حاصل، قومی کرکٹ چیمپئن شپ میں 369 ٹیمیں، 15 ایسوسی ایشنز شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 فروری 2021 15:18

سعودی عرب: غیرملکیوں کیلئے قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد
ریاض (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2021ء ) سعودی عرب میں غیرملکیوں کو صحت مند اور فعال طرز زندگی فراہم کرنے کے لیے مملکت کے بڑے شہروں میں قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مملکت کے 11 بڑے شہروں میں تارکین وطن کے لیے ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ جاری ہے، اس ٹورنامنٹ کا انعقاد سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے کیا گیا، چیمپئن شپ کا آغاز 14 فروری بروز اتوار سے ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹ چیمپئن شپ اپریل تک جاری رہے گی۔ ملک کے مختلف بڑے گراؤنڈز میں ہر جمعے کے روز میچز کھیلے جارہے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 11 ہزار رجسٹرڈ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ اسے 450 آفیشلز کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

تارکین کے لیے قومی کرکٹ چیمپئن شپ میں 369 ٹیمیں اور 15 ایسوسی ایشنز شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے میزبان شہروں میں نجران، القسیم، جیزان، ابھا، تبوک، ینبع، مدینہ، جدہ، جبیل، دمام اور ریاض سمیت دیگر شامل ہیں۔

اس چیمپئن شپ کے علاوہ سعودی عرب میں سافٹ بال کرکٹ ٹورنامنٹ،سوشل کرکٹ پروگرام اور ورکرزکیمپ ایکٹیویشن سرگرمیوں کا سلسلہ بھی سال بھر جاری رہے گا۔ قومی کرکٹ چیمپئن شپ کے ساتھ سافٹ بال کرکٹ ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں ہوگا۔ سافٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا مرحلہ فروری اور اپریل کے درمیان جب کہ دوسرا اکتوبر اور نومبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سعودی حکومت نے کھیلوں کے مقابلے کے دوران کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔
سعودی عرب: غیرملکیوں کیلئے قومی کرکٹ چیمپئن شپ کا انعقاد
وقت اشاعت : 17/02/2021 - 15:18:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :