پی ایس ایل 6: وہاب ریاض ، ڈیرن سیمی کی بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی

پشاور زلمی کے کپتان لاہور قلندرز کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 فروری 2021 11:58

پی ایس ایل 6: وہاب ریاض ، ڈیرن سیمی کی بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 فروری 2021ء ) پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)6 کے لئے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وہاب ریاض اور سیمی جمعہ کے روز بائیو سیکیورببل کے باہر ایک ٹیم اہلکار سے ملے۔ پی سی بی نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں افراد کو تین دن کے قرنطینہ مدت کے دوران دو منفی ٹیسٹوں کی ضرورت ہوگی جس کے بعد انہیں بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت دی جائے گی ۔

تین روزہ قرنطینہ کا مطلب یہ ہوگا کہ وہاب ریاض پی ایس ایل 6 میں لاہور قلندرز کے خلاف 21 فروری کو نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں پشاور زلمی کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایک اور فرنچائز سے تعلق رکھنے والا ایک کھلاڑی جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا کو 10 روزہ قرنطینہ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور 2 ٹیسٹ منفی آنے تک انہیں بھی بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم سکواڈ کے باقی ممبران کو ایونٹ کھیلنے کے لئے کلیئر کردیا گیا ہے کیونکہ وہ کھلاڑی ٹیم کے دیگر ممبروں سے رابطے میں نہیں آیا تھا۔ پی سی بی نے مذکورہ واقعے کے بعد ٹورنامنٹ سے قبل فوٹو شوٹ بھی ملتوی کردیا ہے جس میں 6 ٹیموں کے کپتان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 20/02/2021 - 11:58:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :