بلائنڈ کرکٹر محمد عثمان میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

36 سالہ کرکٹر کی وفات پر فائنل میچ ملتوی ، مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 15:42

بلائنڈ کرکٹر محمد عثمان میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
جھنگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) دوسرے آل پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے دوران جھنگ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد عثمان اچانک دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے ۔ ایک قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ محمد عثمان کو جھنگ میں گوجرانوالہ کیخلاف فائنل میچ کے تیسرے اوور کی دوسری گیند سے قبل دل کا دورہ پڑا اور انہوں نے موقع پر دم توڑ دیا، محمد عثمان کی اچانک وفات پر میچ ملتوی کردیا گیا۔

محمد عثمان انجمن نابینا جھنگ کے جنرل سیکرٹری تھے اور گزشتہ 4 سال سے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفس جھنگ میں بطور سوشل آفیسر خدمات سر انجام دے رہے تھے ۔ ان کی نماز جنازہ لولہے شاہ قبرستان میں ادا کرنے کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خا ک کیا گیا۔

(جاری ہے)

 واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی شہر پونے میں کرکٹ میچ کے دوران نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑا بیٹسمین دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا تھا ۔

رپورٹ کے مطابق جونار سٹی میں کھیلے جانے والے ایک مقامی ٹورنامنٹ کے دوران نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود بیٹسمین مہیش الیاس بابو نالاوادے نے ڈلیوری کے بعد امپائر سے پوچھا کہ کتنی بالز باقی ہیں، اس کے بعد اچانک ہی ان کی حالت خراب ہوئی اور وہ پچ پر ہی گر پڑے۔ امپائر اور ساتھی بیٹسمین نے مہیش کے سینے کو دبایا مگر انھوں نے فیلڈ پر ہی اپنی آخری سانسیں لے لیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جنوری میں بھی بھارت میں ناگپور کے مقام پر ایک 25 سالہ کرکٹر رامن گائیکواڈ نے دوران میچ دل کا دورہ پڑنے کے باعث جان گنوا دی تھی۔
وقت اشاعت : 23/02/2021 - 15:42:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :