فاف ڈو پلیسی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرلیا

سابق جنوبی افریقی کپتان کرس گیل کے جانے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ کا حصہ بنے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 16:57

فاف ڈو پلیسی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرلیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لینے کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کے جزوی متبادل کے طور پر ان کے نام کا اعلان کیا تھا۔ کوئٹہ کو مڈل آرڈر میں ایک تجربہ کار بلے باز حاصل ہوگا کیونکہ فاف اپنے اگلے میچ میں سلیکشن کے لئے دستیاب ہوں گے۔

کوئٹہ نے اپنے پہلے دو میچز میں شکست کھائی ہے اور وہ پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل کے نیچے بیٹھے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فاف ڈوپلیسی کی پاکستان آمد کا اعلان کیا۔
فاف ڈوپلیسی نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن وہ اب بھی جنوبی افریقہ کے لئے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وہ حال ہی میں جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں جہاں وہ آئوٹ آف فارم نظر آئے اور دو ٹیسٹ میچز کی چاروں اننگز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو امید ہے کہ فاف ڈوپلیسی 26 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف آئندہ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کوئٹہ پی ایس ایل 6 میں اپنے دونوں میچ ہار گیا ہے ، اسے اپنی گزشتہ رات کھیلے گئے مقابلے میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا، کوئٹہ کے 8 میچ باقی ہیں اور وہ اگلے میچز میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہے۔

فاف ڈوپلیسی کو کرس گیل کی غیر موجودگی کا خلا پر کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ گیلڈی ایٹرز کے لئے کھیلے جانے والے 2 میچوں میں گیل عمدہ فارم میں تھے ، انہوں نے ایک نصف سنچری سکور کی تھی اور فی الحال وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
وقت اشاعت : 23/02/2021 - 16:57:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :