بھارت، بی جے پی کی جانب سے قومی ہیرو کی تذلیل، سٹیڈیم کا نام سردار پٹیل سے ہٹاکر نریندرمودی کے نام پر رکھ دیا

ولبھ بھائی پٹیل بھارت کی آزادی کے سرکردہ رہنما تھا،راہول گاندھی کا مودی سرکار پر گہرا طنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 فروری 2021 14:09

بھارت، بی جے پی کی جانب سے قومی ہیرو کی تذلیل، سٹیڈیم کا نام سردار پٹیل سے ہٹاکر نریندرمودی کے نام پر رکھ دیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 فروری 2021ء ) بھارت میں قومی ہیرو سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نام پر تعمیر کیے گئے دنیا کے سب سے بڑے سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے اب ’’نریندر مودی سٹیڈیم‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم کا نام بھارت کے قومی ہیرو ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل‘‘ کے نام پر رکھا گیا تھا اور اس کا افتتاح گزشتہ برس سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے موقع پر کیا گیا تھا۔

گجرات کی بی جے پی حکومت نے اب اس سٹیڈیم کا نام بدل کر ’’نریندر مودی سٹیڈیم‘‘ رکھ دیا ہے، یہ نام اس وقت رکھا گیا جب بھارت اور برطانیہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جاری تھا اور وزیراعظم نریندرا مودی اچانک سٹیڈیم پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

بھارتی صدر رام ناتھ کوند نے وزیر داخلہ امیت شاہ، گجرات کے گورنر اچاریہ دیوورت، وزیرِ کھیل کرن رجیجو اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور امیت شاہ کے بیٹے کی موجودگی میں سٹیڈیم کے نام کی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سٹیڈیم میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اس کی تعمیر کا آغاز 2014ء میں وزیراعظم مودی ہی نے کیا تھا۔

اس سے قبل دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ سٹیڈیم میلبورن کرکٹ سٹیڈیم تھا جہاں ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے پہلی بار کسی قومی رہنما کی تذلیل کی گئی ہو بلکہ اس سے پہلے بھی بی جے پی رہنمائوں کی جانب سے موہن داس کرم چند گاندھی اور جواہر لال نہرو جیسے قومی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

بھارت کی سابق حکمراں جماعت کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر کہا ہے کہ ’سچ کتنی خوبصورتی سے خود کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ نریندر مودی سٹیڈیم۔ اڈانی اینڈ، ریلائنس اینڈ، جے شاہ کی صدارت میں!‘۔
وقت اشاعت : 25/02/2021 - 14:09:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :