گگلی کے بعد کرس گیل کا ’’شلوار چیلنج‘‘ اور ڈانس، ویڈیو وائرل

نئے چیلنج کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے پسندیدگی مل رہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 فروری 2021 11:51

گگلی کے بعد کرس گیل کا ’’شلوار چیلنج‘‘ اور ڈانس، ویڈیو وائرل
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2021ء ) پی ایس ایل 6 میں ایک جانب سنسنی خیز میچز کا سلسلہ جاری ہے وہیں کھلاڑیوں کی جانب سے ایک دوسرے کو چیلنج بھی دئیے جارہے ہیں۔ پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل نے گگلی چیلنج کے بعد شلوار چیلنج دے دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کرس گیل کے شلوار چیلنج کی ویڈیو شیئر کی گئی۔

ویڈیو کے آغاز میں کرس گیل کہتے ہیں کہ مجھے اب ازار بند چیلنج پورا کرنا ہے۔ ویڈیو میں وہ ازاربند ڈالنے کے ساتھ ساتھ کہتے ہیں کہ یہ کس کی شلوار ہے؟، جس کی بھی ہوگی یقیناً وہ بہت کھاتا ہوگا، انہوں نے ایسے مزید تبصروں اور چٹکلوں کے ذریعے ویڈیو کو مزید دلچسپ بنایا۔

(جاری ہے)

کرس گیل نے ’شلوار چیلنج‘ کو ایک منٹ 48 سیکنڈ میں مکمل کیا تاہم ویڈیو یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ انہوں نے شلوار پہنی اور ڈانس بھی کیا۔

ویڈیو کے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کے تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’دیسی امی اب کرس گیل کا طعنہ دیں گی‘،
کوئی کہتا نظر آیا کہ ’یہ کرس گیل کو کس کام میں لگا دیا‘۔ ایک صارف نے تو کرس گیل کو ’چوہدری کرس گیل صاحب‘ کا نام ہی دے دیا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 6 کے آغاز پر کرس گیل نے گگلی چیلنج متعارف کرایا تھا جس کی ویڈیو ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی۔

کرس گیل کے گگلی چیلنج پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی نے ڈانس کیا جس کی ویڈیو پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پرشیئر کی گئی ۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کھلاڑی اور افغان کرکٹر راشد خان نے بھی گگلی چیلنج میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔
وقت اشاعت : 26/02/2021 - 11:51:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :