آسٹریلوی ٹیم کا پاکستان کا دورہ کرنا یادگار ثابت ہوگا:بین ڈنک

امید ہے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھی پاکستانی کراؤڈ کے سامنے کھیل کر لطف اندوز ہوگی : وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 فروری 2021 15:43

آسٹریلوی ٹیم کا پاکستان کا دورہ کرنا یادگار ثابت ہوگا:بین ڈنک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بلے باز بین ڈنک نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال زبردست ہے اور میں نے کبھی خود کو یہاں غیر محفوظ محسوس نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس دوران 2 ٹیسٹ ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی، اب بین ڈنک نے بھی دورے کی حمایت کر دی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہترین ہے، میں 4 مرتبہ پاکستان کا دورہ کرچکا ہوں اور خود کو کبھی غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، ہوٹل سے سٹیڈیم تک ہر جگہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں اور میرے خیال میں آسٹریلین ٹیم پاکستان آئی تو یہ پاکستانیوں کیلئے زبردست رہے گا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے پر غور کر رہی ہیں جبکہ جنوبی افریقی ٹیم حال ہی میں دورہ مکمل کرکے واپس گئی ہے ، اس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 6 سے پہلے جنوبی افریقی ٹیم دورہ کرکے گئی، امید ہے کہ جب آسٹریلین ٹیم پاکستان آئیگی تو کورونا کے باوجود تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ہوگی ، آسٹریلین کھلاڑیوں کیلئے پاکستانی تماشائیوں کے سامنے کھیلنا یادگار تجربہ ثابت ہو گا۔

بین ڈنک کا کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں پاکستانی تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا موقع ملا، یہ یادیں زندگی بھر ان کے ساتھ رہیں گی جبکہ ایسا ہی کچھ آسٹریلین کھلاڑیوں کیساتھ بھی ہوگا جو یہاں سیریز کھیلنے آئیں گے، پاکستان کی سکیورٹی شاندار، مہمان نواز کمال اور کھانے لذیذ ہیں اور وہ ہمیشہ پاکستان واپس آنے کا انتظار کرتے رہیں گے۔
وقت اشاعت : 26/02/2021 - 15:43:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :