پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 199 رنز کا ہدف دیدیا

سرفراز احمد کی قائدانہ اننگز، اعظم خان کی بھی جارحانہ بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 فروری 2021 21:47

پی ایس ایل 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 199 رنز کا ہدف دیدیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 199 رنزکا ہدف دیدیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ نے گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا مگر محمد عمران نے 15 کے سکور پر ڈیلپورٹ کوصرف 2 رنزپر آؤٹ کردیا، کرس گیل کی جگہ ٹیم میں آنے والے جنوبی افریقی سٹار بلے باز فاف ڈوپلیسی بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے، گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونیوالے دوسرے بلے باز صائم ایوب تھے جو 19 گیندوں پر 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔

فاف ڈوپلیسی وہاب ریاض کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے، ڈوپلیسی نے 26 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان سرفراز احمد نے اعظم خان کے ساتھ مل کر اننگز کو ذمہ دارانہ انداز میں آگے بڑھایا اور اپنی نصف سنچری بنائی۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز بنائے، سرفراز احمد 19 ویں اوور میں وہاب ریاض کو 3 چوکے اور ایک چھکا لگانے کے بعد 81 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں ثاقب محمود نے ابتدائی دو گیندوں پر 2 وکٹیں حاصل کیں جس میں 26 گیندوں پر 47 رنز بنانیوالے اعظم خان اور بین کٹنگ شامل تھے۔ ثاقب محمود ہیٹ ٹرک نہ کر پائے تاہم محمد نواز کو بھی آؤٹ کرکے اوور میں تیسری وکٹ گرائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سکور بورڈ پر رواں سیزن کا اب تک کا سب سے بڑا سکور 198 رنز سجایا۔ پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں ثاقب محمود کو ملی ،کپتان وہاب ریاض نے اپنے 4 اوورزمیں 54 رنز کی مار برداشت کی اور 2 وکٹیں حاصل کیں ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے اور اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب پشاور زلمی نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 2 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر موجود ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے میچ کے لیے تین تبدیلیاں کیں جبکہ پشاور زلمی نےگزشتہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم برقرار رکھی۔

میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل سٹین، محمد حسنین اور عثمان شنواری شامل ہیں جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 26/02/2021 - 21:47:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :