بکیز کی آفر کے بارے میں چیئرمین کو بتانے گیا، ملاقات نہیں ہوسکی تھی: عمراکمل

میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، موقع دیں گے تو کھیلوں گا: ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 فروری 2021 13:09

بکیز کی آفر کے بارے میں چیئرمین کو بتانے گیا، ملاقات نہیں ہوسکی تھی: عمراکمل
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 فروری 2021ء ) ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کرکٹ کو ترجیح دی ہے اور اب بھی صرف کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں ۔ اپنے ردعمل میں 30 سالہ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے قبل بکیزکی آفر سے متعلق 10فروری 2020ء کو خود چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بتانے گیا تھا لیکن ان سے ملاقات نہیں ہوسکی ۔ میں نے نچلی سطح پر اس لیے نہیں بتایا کہ یہ انفارمیشن کہیں لیک نہ ہوجائے۔

میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، موقع دیں گے تو کھیلوں گا۔ عمر اکمل نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا نہ کروں گا۔عمر اکمل کے وکیل خواجہ عمیز نے کہا کہ ایڈ جیوڈیکٹر کی سزا کے بعد ہمارے پاس ثالثی عدالت میں جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، پی سی بی نے پہلے اور ہم نے بعد میں اپیل دائر کی ، عمر اکمل سے ایک الزام ختم ہو چکا اور ایک برقرار ہے لیکن جس شخص سے ملنے کا الزام ہے اس کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ،ایک سال کی اب پابندی ختم ہو چکی ، جرمانہ کیے جانے پر تعجب ہوا، پی سی بی کی سزا میں اضافے کی اپیل خارج ہو چکی ہے، کرکٹ بورڈ چاہتا تھا کہ ہم ایگریڈ سینکشنز مان لیں ، ثالثی عدالت سے جرمانے پر وضاحت مانگی ہے ،مشاورت کے بعد اسے بھی چیلنج کرینگے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عالمی ثالثی عدالت نے گزشتہ روز کرکٹر عمر اکمل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.4.4 کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا تاہم عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کی سزا ڈیڑھ سال سے کم کرکے ایک سال کردی تھی ، عمر اکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر 3 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ عمراکمل پربکیز سے ملنے اور فکسنگ کی آفر رپورٹ نہ کرنےکا الزام تھا، جس کے باعث عمراکمل پر 20 فروری 2020ء کو 3 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی، سزا میں کمی کیخلاف پی سی بی نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیاتھا۔
وقت اشاعت : 27/02/2021 - 13:09:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :