پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 119 رنز کا ہدف

وہاب ریاض کے 4 شکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 فروری 2021 20:39

پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائیٹڈ کا پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 119 رنز کا ہدف
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 فروری 2021ء ) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 10 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ شروع کی تو وہاب رہاض نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر پہلا میچ کھیلنے والے پال سٹرلنگ کی وکٹیں بکھیر دیں، فل سالٹ صرف 9 رنز بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ عمید آصف نے حاصل کی جب 41 کے مجموعے پر فہیم اشرف 2 رنز بنا کر کوہلر کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان شاداب خان وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں ناکامی کے باعث کریز بدر ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ایلکس ہیلز نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 گیندوں پر 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ،انہیں ثاقب محمود نے محمد عمران کے ہاتھوں کیچ کروایا۔

مجیب الرحمٰن نے حسین طلعت کو آؤٹ کیا جو 22 رنز بنا کر کھیل رہے تھے، نئے آنے والے بلے باز آصف علی نے چھکا مار دباؤ کم کرنے کی کوشش کی۔ افتخار احمد 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر کوہلر کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 7 رنزبنائے، آصف علی 2 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے، وہاب ریاض نے 17 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کو آؤٹ کردیا، وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے ، ثاقب محمود نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر محمد وسیم کی وکٹ حاصل کی تو اسلام آباد کی پوری ٹیم 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈھیر ہو چکی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس کے بعد کہا کہ ہم ٹرینڈ تبدیل کرنا چاہتے تھے اور ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی موقع ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے جس کا دفاع کیا جا سکے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے باؤلنگ کرکے ہدف کا تعاقب کریں گے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران اور عمید آصف شامل ہیں جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، اسٹرلنگ، فہیم اشرف، حسن علی، فواد احمد اور محمد وسیم شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 27/02/2021 - 20:39:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :