ساجد سدپارہ نے والد اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات کیلئے ان کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان کردیا

والد کی تلاش کیلئے آپریشن کی قیادت کروں گا، تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ ایس اے آر آپریشن شروع کرنے کے لئے موزوں ترین وقت کا انتظار کروں گا، ساجد سدپارہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 28 فروری 2021 12:41

ساجد سدپارہ نے والد اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات کیلئے ان کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان کردیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 فروری2021ء) قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے والد اور ان کے ساتھیوں کی آخری رسومات کیلئے ان کی تلاش جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں محمد علی سدپارہ نے کہا کہ میں گذشتہ کچھ ہفتوں سے زندگی کا ایک سب سے مشکل اور تکلیف دہ تجربہ کر رہا ہوں۔

میں مایوسی اور خوف کا وقت یاد نہیں کرنا چاہتا۔ میں خود کو ٹھیک کررہا ہوں اور پورے خاندان کو بھی ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑ تکلیف دہ ہیں جیسے ہر خوبصورت چیز ہوتی ہے۔ میں وقت گزرنے کے ساتھ اپنی طاقت اور ہمت کو دوبارہ حاصل کر رہا ہوں۔ اور میں نے اپنے والد علی سدپارہ ، جان سنوری اور جے پی موہر کی تلاش اور بازیابی کیلئے آپریشن کی قیادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میں تمام ممکنہ وسائل کے ساتھ ایس اے آر آپریشن شروع کرنے کے لئے موزوں ترین وقت کا انتظار کروں گا۔ میں اور میرا خاندان ان کی بازیابی اور ان کے عقیدے کے مطابق مناسب آخری رسومات دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ واضح رہے کہ موسم سرما کے دوران کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران علی سد پارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما 5 فروری کو لاپتہ ہوگئے تھے۔

کوہ پیماؤں کا آخری مرتبہ رابطہ 8 ہزار 2 سو میٹر بلندی پر بوٹل نک سے ہوا تھا۔ جس کے بعد کئی روز تک ان کی تلاش کی گئی لیکن کوئی سُراغ نہیں مل سکا تھا۔ بعد ازاں 18 فروری کو گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت ناصر علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت ،پاک فوج اور محمد علی سدپارہ کے لواحقین اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ پاکستانی کوہ پیما اب اس دنیا میں نہیں رہے ۔

گلگت بلتستان کی حکومت نے اسکردو ائیرپورٹ کو علی سدپارہ کے نام سے منسوب کرنے ، مایہ ناز کوہ پیما کے نام سے کوہ پیمائی کی تربیت کے لیے اسکول قائم کرنے بھی تجویز دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی ہیرو کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علی سدپارہ کے بچوں کی مالی اور اخلاقی معاونت کی جائے گی جب کہ انہیں سکالر سپش بھی دی جائیں گی۔
وقت اشاعت : 28/02/2021 - 12:41:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :