پی ایس ایل 6: عبدالرزاق نے سب کے قہقہے لگوادئیے، ویڈیو وائرل

عمراکمل، احمد شہزاد کو کہہ دیا تھا کہ آپ خوبصورت نہیں، وہ جیسے کپڑے پہنتے ہیں اگر خوبصورت ہوتے تو معلوم نہیں کہ کیا کرتے؟: سابق آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 فروری 2021 14:34

پی ایس ایل 6: عبدالرزاق نے سب کے قہقہے لگوادئیے، ویڈیو وائرل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2021ء ) پی ایس ایل کے شو ’’جہاں فین وہاں سٹیڈیم‘‘ میں عبدالرزاق نے سب کے قہقہے لگوادئیے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے سلسلے میں ایچ بی ایل بینک کے منعقد کردہ پروگرام ’’جہاں فین وہاں سٹیڈیم‘‘ میں قومی ٹیم کے 2 سابق آل راؤنڈرز عبدالرزاق اور اظہر محمود کو مدعو کیا جس کی میزبانی رمیز راجہ اور زینب عباس نے کی۔

پروگرام میں میزبانوں کی عبدالرزاق اور اظہر محمود سے دلچسپ گفتگو ہوئی ۔ زینب عباس اور رمیز راجہ کے سوالات پر عبدالرزاق نے طنز ومزاح سے بھرپور جواب دئیے۔ عبدالرزاق نے اظہر محمود سے متعلق کہا کہ مجھے اظہر محمود نے زبردستی کوچنگ کے شعبے میں ڈال دیا ہے۔ زینب عباس نے عبدالرزاق سے سوال کیا کہ اگر آپ کرکٹر نہ ہوتے تو کیا کرتے ؟، جس پر عبدالرزاق نے جواب دیا کہ میں کسی فیکٹری میں مزدور ہوتا اور اوور ٹائم لگا کر پیسے کما رہا ہوتا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر عبدالرزاق نے کہا کہ میتھیوہیڈن اور رکی پونٹنگ کو آؤٹ کرنا عذاب لگتا تھا، سوچتا تھا کہ میں کہاں پھنس گیا ہوں۔ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یونس خان کی کپتانی میں کھیلنا بہت مشکل لگتا تھا، اس موقع پر عبدالرزاق نے ایک واقعہ سنایا کہ 2009ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل تھا اور میں نے 3 اوور کرائے تھے اور3 کھلاڑی آؤٹ کئے تھے، میں نے یونس خان سے کہا کہ پائن مجھے ایک اور اوور کروا دو، تو یونس خان نے کہا کہ ہاں ! سنبھال کے رکھا ہے، وہ اوور یونس نے آج تک سنبھال کے رکھا ہے۔

زینب عباس نے سوال کیا کہ آپ پر فلم بنائی جائے تو آپکا کردار کسے کرنا چاہئے؟ جس پر عبدالرزاق نے سوال کیا کہ فلم ،لوسٹوری یا دوسری؟ جس پر ایک بار پھر قہقہوں کی برسات ہوئی۔ بعد ازاں عبدالرزاق نے کہا کہ میرا مطلب ہے کہ ڈرائونی فلم یا ایکشن فلم۔ عبدالرزاق سے سوال کیا گیا کہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ نخرے کس پلئیر کے ہیں؟ عبدالرزاق نے جواب دیا کہ جن کے نخرے تھے وہ پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں، عبدالرزاق کا اشارہ غالبا احمد شہزاد یا عمراکمل کی جانب تھا۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ میں نے عمراکمل اور احمد شہزاد کو کہہ دیا تھا کہ آپ خوبصورت نہیں ہیں۔ وہ جیسے کپڑے پہنتے ہیں اگر وہ خوبصورت ہوتے تو معلوم نہیں کہ کیا کرتے؟۔ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ میں نے ایک پلئیر کو یہ بھی کہہ دیا تھا کہ سارے انگلش کا کورس کرتے ہیں، آپ اردو کا کورس کرو،جس پر اظہرمحمود نے کہا کہ یہ تو وہ حساب ہوگیا کہ اک تے میں کوجی ، دوسری سُتی اٹھی۔
وقت اشاعت : 28/02/2021 - 14:34:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :