قائداعظم انٹر ڈویژنل اوپن ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کھلاڑیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے‘ رائے تیمور خان

کھلاڑیوں کو ہمیشہ کی طرح بہترین سہولیات دیں گے تاکہ وہ محنت سے مقابلوں میں حصہ لے سکیں‘صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان

پیر 1 مارچ 2021 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژنل اوپن ٹیبل ٹینس (مرد وخواتین)، ویٹ لفٹنگ (مرد) اور پاور لفٹنگ (خواتین) چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، پیر کے روز اپنے بیان میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں پنجاب کے 9ڈویژنز سے 324کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں، کھلاڑیوں کو ہمیشہ کی طرح بہترین سہولیات دیں گے تاکہ وہ محنت سے مقابلوں میں حصہ لے سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کے فروغ کے لئے مختلف کھیلوں کی چیمپئن شپ کرارہے ہیں، حال ہی میں انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ منقعد کرائی ہے جس میں پنجاب بھر سے 200سے زائد کھلاڑیوں نے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے قبل پانچ کھیلوں کی بھی چیمپئن شپ منقعد کرائی ہے جس میں 576کھلاڑیوں نے حصہ لیا، اب تین کھیلوں کی چیمپئن شپ کرانے جارہے ہیں، ہر کھیل کے کھلاڑی کو بھرپور موقع فراہم کریں گے کہ وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں، ان باصلاحیت کھلاڑیوں سے ہر طرح سے تعاون کریں گے اور مزید تربیت دیں گے تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکیں، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژنل اوپن ٹیبل ٹینس(مرد وخواتین)، ویٹ لفٹنگ (مرد) اور پاور لفٹنگ (خواتین) چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور ان کھیلوں کو فروغ ملے گا۔

وقت اشاعت : 01/03/2021 - 23:04:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :