آل پاکستان انٹر کلب والی بال ٹورنامنٹ پاک کشمیر کے نام

فائنل میں اسرار شہید کو شکست ،سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل مہمان خصوصی تھے

پیر 1 مارچ 2021 23:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) پاک کشمیر اے نے آل پاکستان انٹر کلب والی بال ٹورنامنٹ جیت لیا ۔گارڈن اسپورٹس کلب کے زیر اہتمام آل پاکستان لیول کے اس ٰیونٹ میں آٹھ ٹیموں نے شرکت کی تھی ۔گارڈن اسپورٹس کلب کے ایرینا میں منعقدہ ایونٹ کی ٹیموں میں پاکستان آرمی ،پاکستان واپڈا اور دیگر اداروں کے کھلاڑی بھی شامل تھے جن کی شرکت نے ٹورنامنٹ کا چار چاند لگا دیے ۔

فائنل کے مہمان خصوصی سابق وزیر مفتاح اسماعیل تھے جنہوں نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔اس موقع پر گارڈن اسپورٹس کلب کے روح رواں اور صدر نثار احمد صدیقی ،ساجد کاکا ،مقبول اعوان،ملک یاسر،سعید تنولی ،رحمت اللہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اسرار شہید ٹائیگر اور پاک کشمیر اے کے درمیان کھیلے گئے فائنل کو سینکڑوں شائقین نے دیکھا اور کھلاڑیوں کو بھر پور داد دی ۔

فائنل میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ رہا تاہم بیسٹ آف فائیو کے فائنل میں فاتح ٹیم پاک کشمیر اے نی3-0سے میدان مار لیا ۔میچ اسکور فاتح ٹیم کے حق میں 15-8،15-7اور15-8رہا ۔ٹورنامنٹ میں لقمان لالا،علی شان ،عثمان شانی ،حماد صدیق ،پان مروت ،زوہیب جان ،سریر خان اور اسد سہیل نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا اور تماشائیوں کے دل موہ لیے ۔اس سے قبل کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلوں میں اسرار شہید اے نے ایم اے کلب کو اور پاک کشمیر اے نے اسرار شہید بی کو شکست دے کر ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی تھی ۔ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاک کشمیر اے ،پاک کشمیر بی ،گارڈن اسپورٹس کلب ،ایم اے کلب ،دھماکہ کلب اے ،دھماکہ کلب بی ،اسرار شہید اے اور سرار شہید بی کلب شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 01/03/2021 - 23:07:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :