اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ منگل تک ملتوی کردیا گیا

پیر 1 مارچ 2021 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی نے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین گروپ میچ کو ری شیڈول کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ اب 2 مارچ بروز منگل کی شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے باوجود ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی نے میچ کو ایک روز تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے اسکواڈ میں شامل دیگر تمام ارکان کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پیر کی شام کو کروائی گئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈز میں شامل تمام ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب لیگ میں شریک باقی چاروں ٹیموں کے اسکواڈز میں شامل تمام ارکان کی رپیڈ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی شیڈول کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں 2 مارچ کا دن آرام کا روز تھا، لہذا فیصلہ کیاگیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین یکم مارچ کو شیڈول یہ میچ اب منگل کو کھیلا جائے گا۔پی سی بی تصدیق کرتا ہے کہ پیر کو شیڈول اس میچ کے خریدے گئے ٹکٹس ہی منگل کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے استعمال کیے جاسکیں گی جبکہ کرکٹ فینز چاہیں تو اس ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کرواسکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 01/03/2021 - 23:44:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :