پاکستانی کھلاڑیوں،آفیشلرز،صحافیوں کیلئے ویزا کا فیصلہ حکومت کریگی: بھارتی کرکٹ بورڈ

احسان مانی پاکستانی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹونٹی سے دستبردار کروانے کے بہانے ڈھونڈ رہے یا مقبول ہونا چاہتے ہیں :بی سی سی آئی آفیشل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 مارچ 2021 16:38

پاکستانی کھلاڑیوں،آفیشلرز،صحافیوں کیلئے ویزا کا فیصلہ حکومت کریگی: بھارتی کرکٹ بورڈ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 مارچ 2021ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز، تماشائیوں اورصحافیوں کو ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی کیلئے ویزا فراہم کرنے کی تحریری ضمانت کا مطالبہ سیاسی چال ہے، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ پڑوسی ملک کے کھلاڑیوں کیلئے ویزوں کا فیصلہ حکومت کا ہی ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے گذشتہ دنوں دوبارہ واضح کیا کہ ہم نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بھارتی بورڈ سے پاکستانی کھلاڑیوں، آفیشلز اور صحافیوں کو ویزوں کے اجرا کی ضمانت طلب کرنیکا کہا ، بصورت دیگر ایونٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے مطالبے کا عندیہ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس پر ایک بورڈ آفیشل نے کہا ہے کہ احسان مانی کا بیان پڑھ کر بہت حیرت ہوئی ہے، وہ اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنا چاہتے ہیں یا پھر ایسی باتوں سے اپنے ملک میں مقبولیت حاصل کرنیکی خواہش ہے، اگر اسکو سیاسی ایشو بنانا چاہتے ہیں تو آپکی مرضی ہے، وہ خود بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ بی سی سی آئی کسی بھی ایونٹ کے حوالے سے کسی بھی غیر ملکی ٹیم کے لئے ایک واضح پالیسی رکھتا ہے اور اس کے لئے کسی تحریری ضمانت کی ضرورت نہیں ہے البتہ ان ویزوں کے لئے فیصلہ تو حکومت کا ہی ہوگا، بھارتی بورڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کے لئے سنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2019ء میں بھارت نے جب پاکستانی شوٹرز کو ایک ایونٹ کیلیے اپنے ملک کے ویزے نہیں دیے تھے تب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئندہ اسے کسی ایونٹ کی میزبانی نہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر بھارتی حکومت نے آئی او سی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ کسی بھی سپورٹس ایونٹ کیلئے کسی ملک کے ایتھلیٹس کی شرکت میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔
وقت اشاعت : 02/03/2021 - 16:38:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :