پی ایس ایل6 ،بقیہ میچز میں ٹیم مالکان کو گراؤنڈ سے دور رکھنے کی تجویز

6 میں سے 5 ٹیمیں تجویز سے متفق ،کراچی کنگز نے جواب دینے کیلئے مزید وقت مانگ لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 مارچ 2021 12:07

پی ایس ایل6 ،بقیہ میچز میں ٹیم مالکان کو گراؤنڈ سے دور رکھنے کی تجویز
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2021ء ) پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں فرنچائز مالکان کو گراؤنڈ سے دور رکھنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم مالکان کی ورچوئل میٹنگ گزشت روز دوپہر میں ہوئی جس میں بقیہ میچز کے دوران ٹیم مالکان کو گراؤنڈ سے دور رکھنے کی تجویز سامنے آئی، 6 میں سے 5 ٹیمیں اس تجویز سے متفق ہوگئیں البتہ کراچی کنگز نے جواب دینے کیلئے مزید وقت مانگ لیا جس کے باعث اس فیصلے پر گذشتہ روز اطلاق نہیں ہوسکا۔

اس وقت پی ایس ایل میں رائج طریقہ کار کے مطابق میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے 10،10 افراد کوباؤنڈری لائن کے باہر مخصوص جگہ پر بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے، فرنچائزز ہر میچ سے قبل نئے کارڈز بھی بنوا سکتی ہیں لیکن میچ کے اختتام پر انہیں اتنے ہی کارڈز انتظامیہ کو واپس بھی کرنے ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد یونائٹیڈ کے لیگ سپنر فواد احمد پہلے ہی کورونا کا شکار ہوچکے تھے اور اب برطانوی آل رائونڈر لوئیس گریگوری بھی وائرس کا شکار ہو چکے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے انگلش بلے باز ٹام بینٹن کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، حیران کن طور پر 4 مثبت کیسز کے باوجود دونوں ٹیموں کو پی سی بی نے منگل کو میچ کے لیے میدان میں اتار دیا جس سے عمومی کوویڈ19 پروٹوکول کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

دوسری جانب بائیو سیکیور ببل میں موجود کھلاڑیوں کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیے جانے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے، ٹیموں کے لیے مخصوص ہوٹل میں 3 لفٹس ٹیموں کیلئے مختص ہیں لیکن اس کے باوجود کئی کھلاڑی اجازت نہ ہونے کے باوجود سیڑھیوں کا استعمال کرتے پائے گئے ، بعض مواقع پر کھلاڑیوں کی جانب سے خفیہ طور پر باہر سے کھانے بھی منگوائے گئے، پی سی بی حکام بائیو سیکیور پروٹوکولز کی ان خلاف ورزیوں پر سخت تلملائے بیٹھے ہیں۔
وقت اشاعت : 03/03/2021 - 12:07:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :