پی ایس ایل کھیلنا آئی پی ایل سے زیادہ فائدہ مند،ڈیل سٹین کے انٹرویو نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کردیا

بھارتی چینلز اور ویب سائٹس کے پروٹیز پیسر کے بیان پر تبصرے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 مارچ 2021 14:52

پی ایس ایل کھیلنا آئی پی ایل سے زیادہ فائدہ مند،ڈیل سٹین کے انٹرویو نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2021ء ) ڈیل سٹین کی جانب سے آئی پی ایل میں دولت کو ترجیح دیے جانے کی حقیقت بیان کر کے آئینہ دکھانے پر بھارتی جنوبی افریقی بولر کے پیچھے پڑ گئے۔ گزشتہ روز ایک انٹریو میں جنوبی افریقی سٹار فاسٹ بولر ڈیل سٹین نے ایک سوال پر کہا تھا کہ میں آئی پی ایل سے رخصت چاہتا تھا اسی لئے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ، دیگر لیگز میں کھیل کر آپکو بطور پلیئر بہتر صلہ اور اطمینان ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی لیگ میں بڑے سکواڈز اور بڑے نام ہوتے ہیں اور وہاں سب سے زیادہ زور اس بات پر ہوتا ہے کہ کون کتنا پیسہ کما رہا ہے، اس صورتحال میں لوگ کرکٹ کو بھول جاتے ہیں، پی ایس ایل اور لنکن لیگ میں کرکٹ کو پیسے سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے، مجھے پاکستان آئے چند روز ہی ہوئے ہیں لیکن کمرے کے اندر اور باہر لوگ صرف کرکٹ کی بات کرتے ہیں، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ میں کہاں اور کیسا کھیلا۔

(جاری ہے)

ڈیل سٹین نے بتایا کہ آئی پی ایل میں جاؤں تو وہاں کرکٹ کو بھلا کر یہی سوال ہوتا ہے کہ اس ایونٹ سے کتنی دولت کماؤ گے، تلخ بات دیانتداری سے کہہ رہا ہوں کہ میں اس رویہ سے دور رہتے ہوئے اچھی کرکٹ ، اچھی ٹیموں اور ٹورنامنٹس پر توجہ دینا چاہتا ہوں، میرے نزدیک یہ چیز قابل قدر ہے۔ ڈیل سٹین کی جانب سے آئینہ دکھانے پر بھارتیوں کے تن بدن میں آگ لگ گئی، کئی بھارتی ٹی وی چینلز اور اخبارات نے ان کا یہ انٹرویو استعمال کیا اور بھارتی ڈیل سٹین سے خاصے ناراض نظر آئے۔

ایک بھارتی سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ’ اگر کسی کو آئی پی ایل سے پریشانی ہے تو بھونکنا نہیں ، ہم ہندوستانی اپنے ستاروں کو یہاں دیکھ کر خوش ہیں‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ’ سٹین کو ویسے بھی بہت مار پڑ رہی تھی، اسے آئی پی ایل میں خریدا بھی نہیں گیا، انہیں ایسے کمنٹس سے بچنا چاہیئے تھا‘۔
ایک اور صارف نے شاہین آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کی جانب سے شرجیل خان کا کیچ ڈراپ کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنز کیا کہ ’پی ایس ایل آئی پی ایل سے زیادہ فائدہ مند ہے، میں یہ دیکھنے کے بعد اتفاق کرتا ہوں ‘۔

ایک صارف نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں آئی پی ایل کا میچ دکھایا گیا ہے جہاں سٹین کی بیٹسمینوں کے ہاتھوں دھلائی دکھائی گئی اور کیپشن دیا گیا کہ ’سٹین کے آئی پی ایل چھوڑنے کی وجہ‘۔
ایک اور بھارتی صارف نے (سٹین کا حوالہ دیتے ہوئے) لکھا کہ’ وہی ٹورنامنٹ کھیلنا چاہتا ہوں جہاں بیٹسمین میری بولنگ پر اپنی وکٹیں تحفے میں دے‘۔

ایک بھارتی صارف نے ڈیل سٹین کی کرکٹ میں کی گئی تمام کامیابیوں کو گناتے ہوئے کہا کہ ’’ان کے اس بیان سے یہ ساری چیزیں فراموش ہوجائیں گی‘‘۔
آئی پی ایل کے دفاع میں ایک اور بھارتی صارف نے کہا کہ ’یہ لیگ ’ساکھ‘ کی بجائے ’کارکردگی‘ کو اہمیت دیتی ہے، کوئی تعجب کی بات نہیں کہ سٹین پی ایس ایل میں زیادہ مستفید ہوئے جب انہوں نے زیادہ کرکٹ کھیلی ‘۔
وقت اشاعت : 03/03/2021 - 14:52:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :