پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

بابراعظم کی شاندار بیٹنگ ،روی بوپارہ کی ناقابل شکست نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 مارچ 2021 17:58

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے جارحانہ آغاز ضرور کیا لیکن وہ 17 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر بلے باز 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے عباس آفریدی نے زلمی کی پہلی وکٹ لی۔ دوسرے اوپنر ٹام کوہلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے ، عباس آفریدی نے انہیں 33 کے سکور پر شرجیل کے ہاتھوں کیچ کروایا ،وہ 10 رنز پر کھیل رہے تھے، شعیب ملک بھی ایک رن بنا کر محمد الیاس کی وکٹ بن گئے۔

(جاری ہے)

حیدر علی اور روی بوپارا نے سکور 69 رنز تک پہنچایا، حیدر علی صرف 9 رنز بنا سکے،انہیں کرسٹیان نے آؤٹ کیا ۔

زلمی کو گزشتہ میچ میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کرنیوالے شرفین روتھرفورڈ نے روی بوپارا کے ساتھ سکور 151 تک پہنچایا۔ روی بوپارا نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کو معقول مجموعہ ترتیب دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ روتھر فورڈ کی 32 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، انہیں محمد الیاس نے آؤٹ کیا۔

عماد بٹ نے صرف 7 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے 2،2 اور ڈینئل کرسچن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد عمران نے پہلی ہی گیند پر شرجیل خان کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ دیا۔جوکلارک اور بابراعظم کے درمیان صرف 22 رنز بن سکے،جوکلارک 14 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کولن انگرام محض 3 رنز کا اضافہ کرکے ثاقب محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آج کے میچ میں پشاور زلمی کی کپتانی سینئر کھلاڑی شعیب ملک کر رہے ہیں اور وہاب ریاض کو آرام دیا گیا ہے ،اسکے علاوہ زلمی کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں،زلمی کی ٹیم میں روی بوپارا، عماد بٹ اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امام الحق اور وہاب ریاض آج کے میچ میں شامل نہیں ہیں۔

کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پشاور زلمی 4 میں سے 3 میچ جیت کر 6 پوائنٹس اپنے نام کرچکی ہے اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔کراچی کنگز نے ایونٹ میں 4 میں سے 2 میچز جیتے اور 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 03/03/2021 - 17:58:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :