بابراعظم اور محمد نبی کی عمدہ پارٹنرشپ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی

فاتح ٹیم نے 189 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،محمد نبی کو میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 3 مارچ 2021 22:12

بابراعظم اور محمد نبی کی عمدہ پارٹنرشپ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے کامیابی دلادی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2021ء) کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 189 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔35 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر کراچی کنگز کے محمد نبی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے ان فارم اوپنر شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے تو ان کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور صرف 43 اسکور پر اس کی ابتدائی تین وکٹیں گرچکی تھیں۔ جو کلارک 17 اور کولن انگرام 3 رنز بناکر آٹ ہوئے۔جس کے بعد اوپنر بابراعظم نے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ محمد نبی کے ہمراہ دباؤ کو پس پشت ڈال کرذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کا تعاقب شروع کردیا۔

(جاری ہے)

دونوں بلے بازوں نے متعدد مرتبہ گیند کو بانڈری لائن کے پار پہنچا کر میچ میں زبردست واپسی کی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 118 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکیکراچی کنگز کی پوزیشن مستحکم کردی۔محمد نبی 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 67 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آٹ ہوئے۔ انہیں ثاقب محمود نے آٹ کیا۔دوسری طرف اوپنر بابراعظم نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔

آسٹریلوی آلرانڈر ڈین کرسچن 16 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔کراچی کنگز نے 189 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے 2 جبکہ محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ6 کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

کامران اکمل 17 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آٹ ہوئے، انہیں کراچی کنگز کی جانب سیایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنا ڈبییو کرنے والے عباس آفریدی نے آٹ کیا۔پشاور زلمی کے ٹام کوہلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، وہ 10 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔تجربہ کار آل رانڈر شعیب ملک صرف ایک رن بنا کر محمد الیاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آٹ ہوگئے۔پاور پلے میں ہی اپنی تین وکٹوں کھونے کی وجہ سے پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن دبا کا شکار ہوگئی اورنوجوان بیٹسمین حیدر علی بھی 9 رنز بنا کرچلتے بنے۔

ایسے میں شرفین ردر فورڈ نے انگلش آلرانڈر روی بوپارا کا خوب ساتھ دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے ٹیم کا مجموعہ 69 سے 151 پر پہنچا دیا۔اس دوران روی بوپارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی ، انہوں نے ایک چھکا اور چھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔تین چھکوں اور تین چوکوں پر مشتمل 46 رنز کی اننگز کھیلنے والے ردر فورڈ محمد الیاس کا شکار بنے۔

ادھر ڈین کرسچن نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6کی تاریخ کا مہنگا ترین اوور کروایا،ڈین کرسچن نے اپنے آخری اوور میں 32 رنز دئیے انہیں نوجوان عماد بٹ نے چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ وہ 7 گیندوں پر 27 رنزبناکر ناٹ آٹ رہے۔پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 188 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے محمد الیاس اور عباس آفریدی نے 2،2 جبکہ ڈین کرسچن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 03/03/2021 - 22:12:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :