عمران طاہر کاوکٹ لیکر اپنے مرحوم کوچ طاہر مغل کو انوکھے انداز سے خراج عقیدت

لیگ سپنر نے صائم ایوب کی وکٹ لیکر شرٹ اتاری جسکے نیچے انہوں نے مرحوم کوچ طاہر مغل کی تصویر والی شرٹ پہن رکھی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 مارچ 2021 20:01

عمران طاہر کاوکٹ لیکر اپنے مرحوم کوچ طاہر مغل کو انوکھے انداز سے خراج عقیدت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2021ء ) ملتان سلطانز کے لیگ سپنرعمران طاہر نے پی ایس ایل 6 کے 14 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر صائم ایوب کی وکٹ لے کر اپنے مرحوم کوچ طاہر مغل کو انوکھے انداز سے خراج عقیدت پیش کیا ۔ 41 سالہ عمران طاہر نے صائم ایوب کو کیچ آئوٹ کروا کر اپنی شرٹ اتاری جس کے نیچے انہوں نے اپنے مرحوم کوچ طاہر مغل کی تصویر والی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر لکھا تھا کہ’’ مجھے ہر چیز سکھانے کے لیے شکریہ برادر، میں آپ کی کمی ہمیشہ محسوس کروں گا، اللہ آپ کو جنت میں اعلی مقام عطا کرے‘‘۔

عمران طاہر اور طاہر مغل نے کئی سال ایک ساتھ کرکٹ کھیلی تھی اور انگلینڈ میں بھی لیگ کرکٹ کھیلنے کے دوران ساتھ رہے تھے ۔ یاد رہے کہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر طاہر مغل رواں سال 10 جنوری کو انتقال کرگئے تھے، طاہر مغل کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، پی سی بی نے طاہر مغل کی مالی مدد کی اپیل بھی کی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، طاہر سٹیج فور پتے کے کینسر میں مبتلا تھے۔

(جاری ہے)

پی سی بی سے طاہر مغل کی علاج کیلئے مالی مدد کی اپیل بھی کی تھی۔ طاہر مغل نے زندگی بھر کرکٹ کے میدانوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 43 سالہ طاہر مغل نے 1997ء میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے 112 فرسٹ کلاس میچز میں 20.92 کی اوسط سے 502 وکٹیں حاصل کیں جس میں اننگز میں 39 مرتبہ 5 وکٹیں اور میچ میں 8 مرتبہ 10 شکار کرنا شامل تھا۔ انھوں نے 3202 رنز بھی سکور کیے،ان کا بہترین سکور 130 ناٹ آئوٹ تھا ۔

آل راؤنڈر نے 84 لسٹ اے میچز میں 88 اور 26 ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 10 شکار کیے۔ 43 سالہ طاہر مغل پاکستان کی تاریخ کے ان چند بائولرز میں شامل تھے جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 500 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ وہ سیالکوٹ سٹالینز ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے 2006ء میں نیشنل ٹی ٹونٹی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ طاہر مغل ماضی میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران لاہور قلندرز کا بھی حصہ تھے ۔
وقت اشاعت : 03/03/2021 - 20:01:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :