پی ایس ایل، تقریبا190 کھلاڑیوں ،عہدیداروں کا کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگوانے سے انکار

112 کھلاڑیوں نے خود کو ویکسین لگوائی، محمد عامر ، سہیل تنویر ، سرفراز احمد ، عمر گل ، امپائر احسن رضا اور دیگر شامل ،فرنچائز مالکان کی فیملی کی کچھ خواتین نے بھی کرونا سے بچائو کی ویکسین لگوائی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 مارچ 2021 14:44

پی ایس ایل، تقریبا190 کھلاڑیوں ،عہدیداروں کا کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگوانے سے انکار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) پی ایس ایل 6 میں شرکت کرنے والے تقریبا 190 کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستانی کرکٹر نے ایک قومی اخبار کو بتایا کہ کھلاڑیوں کو ویکسین لینے کے بارے میں یقین نہیں تھا اسی لئے انہوں نے انکار کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 112 کھلاڑیوں نے خود کو ویکسین لگوائی، جب کھلاڑیوں نے ویکسین لینے پر اتفاق کیا ان میں محمد عامر ، سہیل تنویر ، سرفراز احمد ، عمر گل ، امپائر احسن رضا اور دیگر شامل تھے۔

کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ آسٹریلین کھلاڑیوں بین کٹنگ ،کرس لین اور جیسن پیلگرام سمیت کم از کم 4 غیر ملکی کھلاڑیوں اور عہدیداروں نے بھی کورونا وائرس سے بچائو کے ٹیکے لگوائے ہیں ۔

(جاری ہے)

112 کھلاڑیوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی خبر کی پی سی بی اور وزارت صحت کے عہدیداروں نے بھی تصدیق کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مختلف پی ایس ایل فرنچائزز کے 112 کھلاڑیوں ، عہدیداروں اور آرگنائزروں کو کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں قائم ویکسینیشن سینٹر میں کوویڈ 19 کے خلاف ٹیکے لگائے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز مالکان کی کچھ خواتین بھی ان لوگوں میں شامل تھیں جن کو COVID-19 سے بچائو کا ٹیکہ لگایا گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے عہدیداروں نے بتایا کہ انہوں نے نجی ہوٹل میں ویکسینیشن سنٹر قائم کیا تھا جہاں بیشتر ٹیمیں اور اہلکار قیام پذیر تھے۔یاد رہے کہ اس ویکسین کی دوسری ڈوز 14روز بعد لگتی ہے جتنی دیر میں یہ موثر ہوتی پی ایس ایل ویسے ہی ختم ہونے کے قریب ہوتا مگر کورونا کیسز کے باعث اب تو ایونٹ ہی ملتوی ہوگیا اس صورتحال میں ویکسین لگوانا لڑائی کے بعد مکا یاد آنے کے مصداق ہے، پی ایس ایل شروع ہونے سے کم از کم 15روز قبل ویکسین لگنے سے بہتر نتائج سامنے آسکتے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونیوالی لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے جب کہ پی سی بی کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 05/03/2021 - 14:44:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :