آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کوچوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 50رنز سے ہرا دیا، پانچ میچوں کی سیریز 2-2سے برابر ، آرون فنچ مرد میدان قرار پائے

جمعہ 5 مارچ 2021 15:16

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کوچوتھے  ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 50رنز  سے  ہرا دیا،  پانچ میچوں کی سیریز 2-2سے برابر ، آرون فنچ مرد میدان قرار پائے
ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2021ء) آسٹریلیا نے آرون فنچ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت جاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کوچوتھے  ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 50رنز  سے  شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2سے برابر کر دی۔  کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ کینگروز ٹیم کے کپتان آرون فنچ نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 79رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔آرون فنچ کو میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس فتح کے بعد آسٹریلیا نے  5 میچز کی سیریز میں 2-2سے برابر کردی۔ جمعہ  ویسٹ پیک سٹیڈیم، ویلنگٹن میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے  میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان آرون فنچ نے  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو  درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کپتان آرون فنچ کی  طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ آرون فنچ  نے 55 گیندوں پر 4 فلک شگاف چھکوں  اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 79 رنز بنائے۔ مارکوس سٹونس 19، گلین میکسویل 18اور میتھیو ویڈ نے 14رنز بنائے ۔ ایش سودھی 3  اور ٹرینٹ بولٹ نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کینگروز کی طرف سے ملنے والے 157رنز  ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 106 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔

آسٹریلوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث میزبان ٹیم کے 8کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ کائل جیمیسن 30 رنز بناکر نمایاں رہے، یوں کینگروز نے میچ میں میزبان کیوی ٹیم کو 50رنز سے شکست دے دی۔ کین رچرڈ سن نے 3 جبکہ لیفٹ آرم سپنر ایشٹن ایگر ،ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔  واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان  5 میچز کی سیریز میں 2-2 سے برابر ہے۔ آرون فنچ کو میچ کا بہترین کھیلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 05/03/2021 - 15:16:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :