بھارت، ہاکی کھیلنے آئی خاتون کھلاڑی لاپتا

خاتون کھلاڑی خوشبو رجک ریاستی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ایک شہر سے دوسرے شہر آئی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 مارچ 2021 16:06

بھارت، ہاکی کھیلنے آئی خاتون کھلاڑی لاپتا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2021ء ) بھارت میں ہاکی کھیلنے کے لیے آئی خاتون کھلاڑی اچانک لاپتا ہوگئی ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کیے گئے ریاستی سطح کے ویمن ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جبل پور سے آئی ہاکی ٹیم کی ایک خاتون کھلاڑی کے اچانک لاپتا ہونے سے انتظامیہ میں افراتفری مچ گئی۔

خاتون کھلاڑی کے لاپتا ہونے کی شکایت ٹیم انتظامیہ، ساتھی کھلاڑی اور ٹیم منیجر کی جانب درج کروائی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دموہ میں منعقد کیے گئے ریاستی سطح کے خواتین ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے کے لیے جبل پور سے ایک ٹیم دموہ آئی تھی۔ اس 16 رکنی ٹیم کو دموہ شہر کے ایک سرکاری سکول میں ٹھہرایا گیا تھا، گزشتہ شام جب ٹیم کی خواتین کھلاڑی کھانا کھانے کے لیے باہر نکلیں تو ایک کھلاڑی 21 سالہ خوشبو رجک نے ساتھیوں کے ساتھ باہر جانے سے انکار کردیا جس کے بعد دیگر خواتین کھلاڑی کھانا کھانے چلی گئیں۔

(جاری ہے)

ٹیم کی دیگر کھلاڑی کھانا کھانے کے بعد تقریباً رات 10 بجے واپس سکول پہنچیں تو انہوں نے دیکھا کہ خوشبو اپنے کمرے میں موجود نہیں تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق خواتین کھلاڑیوں نے خوشبو کے لاپتا ہونے کی اطلاع فوری طور پر ٹیم منیجر اور سیکریٹری کو دی جس کے بعد اس کی تلاش کا آغاز کیا گیا تاہم ابھی تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ پولیس نے خوشبو رجک کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے ۔
وقت اشاعت : 05/03/2021 - 16:06:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :