’اب سمجھ آئی شاہین آفریدی ہونیوالے سسر کی وکٹ اڑا کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کیوں رک گئے تھے‘،سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال

شاہین زیادہ جشن مناتا تو سسر بیٹی نہ دیتا: سوشل میڈیا صارف کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 7 مارچ 2021 19:54

’اب سمجھ آئی شاہین آفریدی ہونیوالے سسر کی وکٹ اڑا کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کیوں رک گئے تھے‘،سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مارچ 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راونڈرشاہد آفریدی کی بیٹی کا فاسٹ باولر شاہین آفریدی سے رشتہ طے پا گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈ یا پر اس خبر کے حوالے سے خوب تبصرے ہوئے اور ماضی میں شاہین آفریدی کی جانب سے شاہدآفریدی کی وکٹ لے کر جشن نہ منانے کی ویڈیو پر بھی بات ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے والد نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے شاہد آفریدی کی صاحبزادی کا رشتہ مانگا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کے والد ایاز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شاہین آفریدی کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ طلب کیا تھا جسے شاہد آفریدی کے خاندان نے قبول کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ایا ز خان کا مزید کہنا تھا کہ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی ، ہمارے شاہد آفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقا ت ہیں ۔شاہد آفریدی کے اہلخانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں گزشتہ 2 سال سے بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی ابھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں اس لیے دونوں کی منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائیگا۔ شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ 2 سال میں شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی اورشادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی سوچ سمجھ کراس بارے میں باضابطہ طور پر اعلان کریں گے، شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے میڈیا سے درخواست کی کہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

41 سالہ شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں اقصی ، انشا ، اجوا ، اسمارہ اور عروہ ہیں۔ اقصی ان کی سب سے بڑی بیٹی ہے جو 20 سال کی ہے اور 20 سالہ شاہین شاہ آفریدی کی دلہن بنیں گی ۔
شاہد آفریدی اور ان کی بیٹی اقصی
شاہد آفریدی اور ان کی بیٹی اقصی
شاہین آفریدی نے اپریل 2018ء میں پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور دسمبر 2018ء میں قومی ٹیم کے لئے ٹیسٹ میچ کیریئر کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے اب تک اپنے کیریئر میں شاندار باؤلنگ کے ذریعے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے ہیں ، وہ حال ہی میں 100 ٹی 20 وکٹیں مکمل کرنے والے کم عمر ترین بائولر بنے ہیں۔

اس خبر کے بعد ماضی میں پی ایس ایل کے دوران شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کے آمنے سامنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں شاہین آفریدی اپنے ہونے والے سسر کی وکٹ اڑا کر ہاتھ کھولے جشن منانے لگے لیکن اگلے ہی لمحے انہوں نے اپنا سر جھکانے کے بعد ایسا تاثر دیا کہ اس وکٹ پر جشن نہیں منانا ۔
اب اس ویڈیو پر ایک سوشل میڈ یا صارف نے لکھا کہ ’اب سمجھ آیا کہ شاہین آفریدی نے اپنے ہونے والے سسر کی وکٹ پر جشن کیوں نہیں منایا تھا‘،
ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے پتہ نہیں کیوں اس خبر پر خوشی ہو رہی ہے‘ ۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’زیادہ جشن مناتا تو سسر بیٹی نہ دیتا‘۔
وقت اشاعت : 07/03/2021 - 19:54:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :