بھارت کیخلاف چوتھے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا وزن حیران کُن طور پر کم ہوا: بین سٹوکس

ایک ہفتے کے دوران میرا 5 کلو ، ڈوم سبلی کا 4 کلو اور جیمز اینڈرسن کا 3 کلوگرام وزن کم ہوا،کچھ کھلاڑی 41 ڈگری گرمی میں کھیلنے کے باعث بیمار ہوگئے:برطانوی آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 9 مارچ 2021 13:00

بھارت کیخلاف چوتھے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا وزن حیران کُن طور پر کم ہوا: بین سٹوکس
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مارچ 2021ء ) انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کا وزن حیران کُن طور پر کم ہوا۔ 29 سالہ سٹوکس نے مرر سپورٹس کو بتایا کہ کھلاڑی انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس کاعملی مظاہرہ گزشتہ ہفتے دیکھنے کو ملا جب ہم میں سے کچھ کھلاڑی 41 ڈگری گرمی میں کھیلنے کے باعث بیمار ہوگئے تھے ۔

سٹوکس نے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران ان کا 5 کلو گرام ، ڈوم سبلی کا 4 کلوگرام اور جیمز اینڈرسن کا 3 کلوگرام وزن کم ہوا۔ جیک لیچ باؤلنگ سپیل کے دوران بار بار میدان سے باہر جارہے تھے اور ضرورت سے زیادہ وقت ٹوائلٹ میں گزار رہے تھے۔ سٹوکس نے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں تنقید پر کان نہ دھرنے کا مشورہ دیا ۔

(جاری ہے)

برطانوی آل رائونڈرز کا کہنا تھا کہ تجزیہ کاروں کا ایک ہی کام ہوتا ہے اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن ان کی ذمہ داری یہ نہیں ہے کہ وہ ہمیں بہتر کھلاڑی اور ایک بہتر ٹیم بنائیں، یہ ہمارا کام ہے اور ہمیں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

جو رائے واقعی میں اہم ہیں وہ آپ کے کپتان ، کوچ اور ساتھی کھلاڑیوں کی ہیں جو ٹیم کو اور آپ کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب دونوں ٹیمیں 5 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 12 مارچ کو احمد آباد میں مدمقابل ہونگی۔
وقت اشاعت : 09/03/2021 - 13:00:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :