پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد حسن علی اور حسین طلعت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی: شعیب اختر

حارث رؤف کا معاملہ دوبارہ انفیکشن کا تھا،پی سی بی کے طبی عملے نے اسے ہسٹوریکل کیس قرار دیکرانہیں کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے کے باوجود پی ایس ایل کھیلنے کی اجازت دی:ڈاکٹر نعمان نیاز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 مارچ 2021 17:07

پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد حسن علی اور حسین طلعت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی: شعیب اختر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مارچ 2021ء ) سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی اور حسین طلعت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پازیٹیو کیسز کی کل تعداد 9 تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اصل اعداد و شمار ظاہر نہیں کیے۔ شعیب اختر سرکاری سپورٹس چینل کے ٹی وی شو ’گیم آن ہے‘ میں ڈاکٹر نعمان نیاز سے گفتگو کر رہے تھے جہاں انہوں نے ان وجوہات پر تبادلہ خیال کیا جن کی وجہ سے لیگ ملتوی ہوئی۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے پی سی بی کے میڈیکل پینل کو مورد الزام قرار دیتے ہوئے ان کے طبی طریقوں کو جدید سائنسی دنیا میں فرسودہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف میڈیکل سٹاف وائرل بیماریوں کا ماہر نہیں ہے اور اس کے پاس بائیو سیکیور ببل کو سنبھالنے کے لئے مطلوبہ معلومات اور تجربہ بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نعمان نیاز کا مزید کہنا تھا کہ کورونا قابل شناخت بیماری ہے لہذا پی سی بی کو کورونا کا شکار ہونے والے افراد کے نام سامنے لانے چاہیئے تھے تاکہ دیگر افراد کو مطلع کیا جاسکتا کہ وہ ان سے رابطہ نہ کریں۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے انکشاف کیا کہ مجموعی طور پر نو افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا لیکن وہ صرف آٹھ افراد کے نام لینے میں کامیاب ہوسکے۔ انہوں نے ان 8 افراد کے نام ظاہر کیے جن میں فواد احمد (اسلام آباد یونائیٹڈ) ، لیوس گریگوری (اسلام آباد یونائیٹڈ) ، حسن علی (اسلام آباد یونائیٹڈ) ، حسین طلعت (اسلام آباد یونائیٹڈ) ، ٹام ایبل (لاہور قلندرز) ، حارث رؤف (لاہورقلندرز) ، ٹام بینٹن (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) اور کامران خان (کراچی کنگز ، انتظامیہ) شامل تھے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے انکشاف کیا کہ حارث رؤف کا معاملہ دوبارہ انفیکشن کا تھا لیکن پی سی بی کے طبی عملے نے اسے ایک ہسٹوریکل کیس قرار دیا ہے اور انہیں کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے کے باوجود پی ایس ایل 6 میں کھیلنے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں سامنے آنے والے کورونا کیسز کی کہانی پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کی سراسر ناکامی ہے۔
وقت اشاعت : 10/03/2021 - 17:07:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :