پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے پر اتفاق

میچز کراچی میں ہی ہوں گے، شیڈول کا اعلان کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد کیا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 مارچ 2021 16:27

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے پر اتفاق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مارچ 2021ء ) پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز جون میں کروانے پر اتقاق ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان کے مابین ورچوئل میٹنگ ہوئی جس میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 6 کے بقیہ 20 میچز جون میں کروانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے ، یہ تمام میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے ، میچز کے شیڈول کا اعلان کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد کیا جائے گا ۔

ایونٹ کے بقیہ 20 میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی 13 مئی کو زمبابوے سے واپسی اور 26 جون کو انگلینڈ روانگی کے درمیان وقت میں شیڈول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے فرنچائز مالکان کو یقین دلایا کہ پی سی بی اہم فیصلوں سے قبل فرنچائز مالکان کو اعتماد میں لے گا ۔واضح رہے کہ دو روز قبل پی ایس ایل فرنچائز نے پی ایس ایل سے متعلق معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کرونا پروٹوکولز پر بھی فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

فرنچائز کا شکوہ تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ہے، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔
وقت اشاعت : 11/03/2021 - 16:27:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :