پاکستان میں بھارت سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود: عبدالرزاق

بابراعظم اور کوہلی کا موازنہ کرنا ہے تو پاکستان اور بھارت کا میچ کروائیں اور فیصلہ کریں کہ کون زیادہ بہتر ہے: سابق آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 مارچ 2021 16:30

پاکستان میں بھارت سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود: عبدالرزاق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 مارچ 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام ریکارڈ توڑنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے 41 سالہ سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ بابراعظم کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا غلط ہے، آپ بھارتی کھلاڑیوں کا موازنہ پاکستانی کھلاڑیوں سے نہیں کرسکتے کیونکہ پاکستان میں زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔

عبدالرزاق نے کہا کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم بالکل مختلف کھلاڑی ہیں، اگر ہم ان دونوں کا موازنہ کرنا چاہتے ہیں تو پھر یہ ضروری ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ کروائیں اور پھر فیصلہ کریں کہ کون زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم زرعی ترقیاتی بینک (زیڈ ٹی بی ایل) میں 5 سے 6 سال تک میرے ماتحت کھیلتا رہا اور میں نے انہیں کبھی کپتان کے عہدے سے نہیں ہٹایا۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق نے کہا کہ بابراعظم باصلاحیت اور اچھا بیٹسمین ہے، اس نے خود کو عالمی سطح پر منوا لیا ہے اور اب وہ نمبر ایک بلے باز ہے، اگر ہم اس کی درست رہنمائی کریں گے تو وہ کرکٹ کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔ واضح رہے کہ بابراعظم اور ویرات کوہلی اس وقت آئی سی سی رینکنگ کے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل واحد کھلاڑی ہیں۔
وقت اشاعت : 12/03/2021 - 16:30:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :