افغان فیلڈرکی مکاری، جان بوجھ کر چوکا دینے کا سٹائل وائرل، 5رنز کا جرمانہ

فیلڈر حشمت اللہ نے گیند کو جان بوجھ کر باؤنڈری کے پار جانے دیا تاکہ اگلے اوور میں ٹیل اینڈر بائولر کا سامنا کرے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 14 مارچ 2021 14:06

افغان فیلڈرکی مکاری، جان بوجھ کر چوکا دینے کا سٹائل وائرل، 5رنز کا جرمانہ
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مارچ 2021ء ) حد سے بڑی چالاکی وعیاری افغانستان کے گلے پڑگئی، انتہائی بھونڈے انداز میں خلاف قانون حرکت پر افغان ٹیم کو 5 رنزکے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا اور دنیا میں سبکی الگ ہوئی۔ یہ حیرت انگیز اور دلچسپ واقعہ ابوظہبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اس وقت پیش آیا جب 91 ویں اوور کی آخری بال افغان بائولر نے جان بوجھ کر آف سٹمپ سے کافی باہر ایک یارکر نما بال کی تاکہ سکندر رضا سنگل نہ لے سکیں اور اگلے اوور میں دوسرے اینڈ پر رہیں، سکندر رضا نے اس بال کو پوائنٹ کی جانب کھیل دیا، گیند تیزی سے بائونڈری کی جانب گئی اور بیٹسمینوں نے آرام سے ایک رن مکمل کرکے سکون کرلیا، عام حالات میں یہ 3 رنز بھی ہوسکتے تھے لیکن چونکہ 8 وکٹیں گری ہوئی تھیں تو سکندر رضا کی کوشش یہ تھی کہ زیادہ تر وہی کھیلیں، سکندر رضا اس وقت 79 پر کھیل رہے تھے ، افغان فیلڈر حشمت اللہ شاہدی بال کے تعاقب میں تھے جو بائونڈری سے چند انچ قبل رک گئی تھی، انہوں نے وہاں جا کر جان بوجھ کر ایک پائوں بائونڈری کے باہر نکالا اور ایک پائوں بائونڈری سے پیچھے رکھ کر جھک کر گیند اٹھائی اور تھرو کرنے کے بعد چوکے کا اشارہ کیا، یہ کرنے کا مقصد یہ تھا کہ چوکا ہونے کی صورت میں اگلے اوور میں موزا ربانی سامنا کریں، گرائونڈ میں لگے کیمرے نے ان کی اس چالاکی کو پکڑ لیا اور امپائرز نے زمبابوے کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے افغانستان پر 5 رنزکا جرمانہ کردیا۔

(جاری ہے)

کرکٹ میں ٹیمیں اس انداز کی چالاکی ضرور دکھاتی ہیں لیکن اتنی کھلم کھلا خلاف ورزی کم دیکھنے میں آتی ہے کہ جان بوجھ کر ایک چوکا دے دیا جائے،افغان فیلڈر کی اس چالاکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے کہ کیسے انہوں نے بال اٹھاتے ہوئے اپنے پائوں کو باہر نکالا تاکہ چوکا کنفرم ہو اور اس کے بعد خود ہی امپائر کو چوکے کا اشارہ کردیا۔
وقت اشاعت : 14/03/2021 - 14:06:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :