راشد خان نے 21 ویں صدی کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا

افغان لیگ سپنر رواں صدی میں ایک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اوورز کرنے والے بائولر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 مارچ 2021 14:38

راشد خان نے 21 ویں صدی کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 مارچ 2021ء ) افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان نے 21 ویں صدی میں ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ اوورز میں بائولنگ کرنے کا انوکھا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ 22 سالہ راشد خان نے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان اور زمبابوے کے مابین کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 99.2 اوورز کیے۔ اس سے قبل لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن نے 19 سال قبل 2002ء میں نیو لینڈز ، کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 98 اوورز کیے تھے۔

یاد رہے کہ افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر2 میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ افغان ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے آخری روز زمبابوے کی جانب سے دیا جانیوالا 108 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اس سے قبل فالو آن کا شکار زمبابوین ٹیم نے فائٹ بیک کرتے ہوئے اپنی دوسری اننگز میں 365 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

لیگ سپنر راشد خان نے میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں، شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے پر حشمت اللہ شاہدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس سے قبل افغانستان نے اپنی اپہلی اننگز 4 وکٹ پر 545 رنز پر ڈکلیئر کی تھی، زمبابوبے کی ٹیم مدِمقابل ٹیم کے پہلی اننگز کے بڑے سکور کے بوجھ تلے دب کر فالو آن کا شکار ہوئی۔ دوسری اننگز میں زمبابوے کی 7 وکٹیں 142 رنز پر گر گئیں تھیں جس سے افغانستان کی اننگز سے فتح کے امکانات پیدا ہوگئے تھے، ایسے موقع پر شان ولیمز اور ٹریپانو نے شاندار شراکت قائم کی۔ زمبابوے پوری ٹیم 365 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ زمبابوے کی اننگز کی خاص بات کپتان شان ولیمز کی 151 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز رہی، انہوں نے ٹریپانو کے ساتھ مل کر 8 ویں وکٹ پر 187 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے۔
وقت اشاعت : 15/03/2021 - 14:38:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :