ڈراپ ہونے پر فٹنس کا دعویٰ، پی سی بی کا یاسر شاہ کیخلاف انضباطی کارروائی پر غور

34 سالہ لیگ سپنر زمبابوے کے دورے میں پاکستانی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر ناراض ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 مارچ 2021 17:13

ڈراپ ہونے پر فٹنس کا دعویٰ، پی سی بی کا یاسر شاہ کیخلاف انضباطی کارروائی پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 مارچ 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) زمبابوے کے خلاف آئندہ سیریز میں ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہونے کے بعد فٹنس کو متنازعہ بنانے پر یاسر شاہ کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے پر غور کررہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی میں لیگ سپنر کے اس بیان کے سامنے آنے کے بعد مشاورت کا عمل جاری ہے جس میں یاسر شاہ نے دعوی کیا کہ وہ اپریل میں 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے کے قابل تھے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یاسرشاہ کو جمعہ کو چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اعلان کردہ 20 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا۔ ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہونے پر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں گھٹنے میں کچھ پریشانی ہے لیکن اب اسے مکمل صحتمند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گھٹنوں کی تکلیف سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور کچھ ہی دنوں میں ٹریننگ شروع کردیں گے، امید ہے کہ چند ہفتوں میں مزید بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

جنوری کے آخر میں جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں لیگ سپنر کو گھٹنے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن انہوں نے ڈاکٹر کے مشورے پر پنڈی ٹیسٹ کھیلا۔ اس کے بعد 3 مارچ کو ان کا ایم آر آئی سکین کرایا گیا جس کے بعد ڈاکٹروں اور فزیوز نے انہیں 6 ہفتوں تک آرام کرنے کا مشورہ دیا۔ یاسر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ گھٹنے کی انجری کی پریشانی کے باوجود وہ وکٹیں حاصل کرتے رہے تاہم چیف سلیکٹر نے کہا تھا کہ لیگ سپنر کی فٹنس کے ساتھ ساتھ ان کے ایکشن میں بھی کچھ دشواری تھی۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یاسر اپنی فٹنس اور بائولنگ ایکشن کی درستگی پر کام کرےاور پوری طرح سے صحت یاب ہو، یہی وہ واحد وجہ تھی جس کی وجہ سے انہیں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
وقت اشاعت : 15/03/2021 - 17:13:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :