مصباح الحق غریبوں کے دھونی ہیں: رمیز راجہ

مزاج بدلنا چاہیے، محتاط انداز چھوڑیں،جدید سوچ اپنائیں، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاک بھارت مقابلے شامل کرنے چاہئیں :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 21 مارچ 2021 13:21

مصباح الحق غریبوں کے دھونی ہیں: رمیز راجہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 مارچ 2021ء ) رمیز راجہ نے مصباح الحق کو غریب آدمی کا دھونی قرار دے دیا۔ ایک یوٹیوب انٹرویو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سابق بھارتی کپتان دھونی کے چہرے پر کبھی کوئی تاثرات نہیں ہوتے تھےاور جذبات کا اظہار بھی سامنے نہیں آتا تھا، مصباح الحق بھی اسی طرح کا مزاج رکھتے ہیں، میں ان کو غریب آدمی کا دھونی کہوں گا مگر اب وہ ہیڈ کوچ ہیں اسے لیے انہیں اپنا مزاج بدلنا ہوگا، جارحیت ہمارے کرکٹرز کے ڈی این اے میں رچی بسی ہے۔

رمیزراجہ نے کہا کہ قومی ٹیم کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے مصباح الحق کو بھی نئے دور کی سوچ اپنانی ہوگی، بعض اوقات وہ حد سے زیادہ محتاط نظر آتے ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ موجود ہے تو پھر انہیں خوف کس بات کا ہے؟، رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے ہر دورے کی ضرورت کے مطابق کوچ کی تقرری کا مشورہ بھی دیا، انھوں نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے سائیکل میں پاک بھارت مقابلے شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے دورانیے کی پاک بھارت مقابلوں کے بغیر کوئی وقعت نہیں تھی، دیگرٹیموں نے بھی برابر میچز نہیں کھیلے اور پوائنٹس سسٹم بھی درست نہیں تھا، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے الگ سے 3 ماہ کی ونڈو رکھی جائے جس میں تمام ٹیموں کو ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے کا موقع ملے، چیمپئن شپ کے اگلے دورانیے میں دوسری کوئی کرکٹ نہیں ہونا چاہیے، اسی سے ٹیسٹ فارمیٹ کی مقبولیت بڑھے گی اور سپانسرز بھی کھنچے چلے آئیں گے۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے پاکستان ٹیم کی غیر ملکی میدانوں پر مایوس کن پرفارمنس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیرملکی دورے کی تیاری 6 ماہ قبل ہی شروع ہوجانی چاہیئے۔
وقت اشاعت : 21/03/2021 - 13:21:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :