نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مسجد النور کا دورہ ، سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات

کھلاڑی شہداء کے بچوں میں گھل مل گئے ،بچوں میں نیوزی لینڈ ٹیم کی شرٹس ، کیپس اور بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے میچ کے ٹکٹس تقسیم کئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 21 مارچ 2021 19:52

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا مسجد النور کا دورہ ، سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات
کرائسٹ چرچ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ2021ء) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اظہار یکجہتی کیلئے مسجد النور میں شہید ہونے والے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کی،کھلاڑی شہداء کے بچوں میں گھل مل گئے ،بچوں میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی شرٹس ، کیپس اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے میچ کے ٹکٹس تقسیم کئے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اتوار کو مسجد النور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی ۔

مسجد النور کا دورہ کر نے والے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں میٹ ہنری ، ڈیرل مچل اور ہنری نکولس سمیت ٹیم آفیشلز شامل تھے ۔
مسجد النور پہنچنے پر حبیب مروت نے کھلاڑیوں کو مسجد کی سکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مسلم ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے صدر محمد جامع نے دیگر عہدیداران کے ساتھ مسجد میں کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فرید احمد جن کی اہلیہ پندرہ مارچ کے واقعہ میں شہید ہوگئی تھیں نے کھلاڑیوں کو اسلامی تعلیمات اور اسلام میں مسجد کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے اسلام دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ملکر رہنے کی تلقین کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور جو بھی شخص مسجد میں آتا ہے وہ امن میں آجاتا ہے ۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو دعوت دیتے ہوئے کہاکہ آپ کو جب بھی ٹائم ملے مسجد کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم آپ کا اور آپ کی فیملی کا خیر مقدم کرینگے ۔

اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم دو سال پہلے 15 مارچ کو ہونے والے واقعہ میں شہداء کی فیملیز کے ساتھ ملاقات اور ان کے ساتھ اظہا ر یکجہتی کیلئے آئے ہیں ۔ مسلم ایسوسی ایشن اور ایتھنک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حبیب مروت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے دورے سے شہداء کے لواحقین کے چہروں پر مسکراہٹ آئیگی جب وہ اپنے ہیروز کو اپنے ساتھ دیکھیں گے ۔

دورے کے آخر میں کھلاڑیوں نے شہداء کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی اور بچوں میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی شرٹس ،کیپس اور دیگر تحائف تقسیم کئے ۔اس موقع پر شہداء کے لواحقین کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی گئیں ۔ ٹیم آفیشلز نے شہداء کے لواحقین میں منگل کو ہونے والے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے میچ کیلئے ٹکٹس بھی تقسیم کئے ۔
وقت اشاعت : 21/03/2021 - 19:52:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :